لاہور ائیرپورٹ پر آتشزدگی ، فلائٹ آپریشن کب تک بند رہے گا؟ اہم خبر آگئی

لاہور(پی این آئی)لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر آتشزدگی کے بعد فلائٹ آپریشن کی بندش کا دورانیہ بڑھادیا گیا۔

سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری نوٹم میں کہا گیا ہےکہ لاہور ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن رات 10 بجے تک بند رہے گا جب کہ اس سے قبل لاہور ائیرپورٹ کی بندش کا دورانیہ سہ پہر 3:30 بجے تک تھا۔ نوٹم کے مطابق لاہور ائیرپورٹ پر امیگریشن سسٹم بحالی کیلئے رات 10 بجے تک کا وقت دیا گیا ہے،آئی ایم ایس سسٹم بحال ہونے پر انٹرنیشنل فلائٹ آپریشن شروع ہو سکے گا۔ ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور ائیرپورٹ کو بین الاقوامی پروازوں کیلئے بند کیا گیا ہے جب کہ اندرون ملک کی پروازوں اور کارگو جہاز لاہور ائیرپورٹ پر لینڈ کرسکتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق آتشزدگی کے بعد لاہور کی 24 ملکی اور غیر ملکی پروازیں منسوخ اور 3 کی متبادل منتقلی ہوئی جب کہ فضا میں موجود غیر ملکی پروزازوں کو متبادل ائیرپورٹ پر منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ لاہور ائیرپورٹ کے لاؤنج میں آگ بھڑکنے سے ائیرپورٹ پر امیگریشن کا عمل متاثر ہوا اور لاہور سے پہلی حج پرواز کو بھی روک دیا گیا۔ ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق آگ امیگریشن کاؤنٹر کی سیلنگ میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close