پشاور( پی این آئی)صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں بارشوں کے بعد نالے ابل پڑے اور کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ بڈھنی میں بچی برساتی نالے میں گرکرجاں بحق ہوگئی۔
پشاور میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد نالے ابل پڑے اور کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔چارسدہ روڈ، بڈھنی اور وارسک روڈ پر پانی گھروں میں داخل ہوگیا جس کے باعث شہری گھروں میں محصور ہوگئے۔ریسکیو حکام نے بتایاکہ بڈھنی میں بچی برساتی نالے میں گرکر جاں بحق ہوگئی۔ علاقہ مکینوں کے مطابق بارش کا پانی جمع ہونے پر بچی گھر سے نکلی اور سڑک کی طرف جاتے ہوئے اچانک بچی نالے میں گرگئی۔ریسکیو حکام کے مطابق تیرےپایاں پل، جمعہ خان کلے، بڈھنی پل، سخی پل اور سردار احمد جان کالونی میں لوگوں کو نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔گلبہار، گلبرک کے مختلف علاقوں یونیورسٹی روڈ اور شیرشاہ سوری روڈ پر پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔بارش کا پانی سڑکوں پر جمع ہونےکےباعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں