نان فارمل سکولوں کے اساتذہ کو خوشخبری سنا دی گئی

لاہور( پی این آئی) وزیرتعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے نان فارمل سکولوں کے اساتذہ کو 30 دنوں میں 10 ماہ کی تنخواہیں، واجبات ادا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ حکومت نے تعلیمی نظام کے ساتھ جو زیادتیاں کیں وہ ڈھکی چھپی نہیں،عثمان بزدار اور مراد راس کے تمام نارواسلوک کے اثرات ختم کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم رانا سکندر حیات سے نان فارمل سکولوں کے اساتذہ نے ملاقات کی اور اپنے پیشہ ورانہ مسائل و مشکلات سے آگاہ کیا۔اساتذہ نے صوبائی وزیر کو بالخصوص گزشتہ 10 ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے کے حوالے سے بھی آشکار کیا اور اس ضمن میں فوری ایکشن لینے کی درخواست کی۔ رانا سکندر حیات نے موقع پر ہی سیکرٹری نان فارمل ایجوکیشن سے رابطہ کیا اور معاملے کی حساسیت پر تفصیلی مشاورت کی۔اساتذہ کے مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے سیکرٹری لٹریسی کو مسئلے کے فوری حل کیلئے ہنگامی اقدامات کرنے اور آئندہ 20 سے 30 دنوں میں اساتذہ کو 10 ماہ کی تنخواہوں اور دیگر واجبات کی ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ ہمارے تعلیمی نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہیں۔ان کے مسائل کا بروقت ازالہ ہماری ذمہ داری ہے۔

رانا سکندر حیات نے کہا کہ اساتذہ کے مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اسی ضمن میں اساتذہ کے مسائل سے آگاہی کیلئے ٹیچر کمپلینٹ پورٹل اور سٹیزن کمپلینٹ پورٹل بنانے پر کام جاری ہے۔ انہیں ان کے حقوق سے محروم نہیں رہنے دیا جائے گا اور اساتذہ کے ساتھ گذشتہ 5 سالوں میں کی جانے والی زیادتیوں کا ازالہ کرنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close