پی ٹی آئی آزاد امیدواروں نے سب سے زیادہ ووٹ لے کر ریکارڈقائم کر دیا

پشاور (پی این آئی)خیبر پختونخوا (کے پی) میں ہونے والے حالیہ انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں نے صوبائی اسمبلی کی نشتوں پر 30 لاکھ سے زیادہ ووٹ لےکر ریکارڈ قائم کر دیا، ملک کی چار بڑی پارٹیوں کے امیدوار مل کر بھی اتنے ووٹ حاصل نہ کرسکے۔

فارم 47 کے مطابق پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں نے صوبائی اسمبلی کی 113 نشتوں پر 30 لاکھ 30 ہزار سے زیادہ ووٹ حاصل کیے جب کہ چار بڑی پارٹیوں جے یو آئی، اے این پی، پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار مل کر بھی پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں جتنے ووٹ حاصل نہ کرسکے۔جے یو آئی، اے این پی، پی ایم ایل ن اور پی پی پی کے امیدواروں نے 29 لاکھ 69 ہزار سے زیادہ ووٹ حاصل کیے۔جے یو آئی کے امیدواروں نے 12 لاکھ 39 ہزار 408 ووٹ حاصل کیے جب کہ عوامی نیشنل پارٹی نے 6 لاکھ 90 ہزاز 179 ووٹ لیے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدواروں نے 6 لاکھ 1 ہزار 14 جب کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے 4 لاکھ 39 ہزاز 53 ووٹ لیے۔خیبر پختونخوا میں مجموعی طور پر 84 لاکھ 40 ہزار 368 افراد نے انتخابات میں اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔صوبائی اسمبلی کی 113 نشستوں پر مجموعی طور پر ڈالےگئے درست ووٹوں کی تعداد 82 لاکھ 80 ہزار 132 رہی جب کہ مسترد شدہ ووٹوں کی تعداد 2 لاکھ 47 ہزار 754 ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close