امریکہ کو سپر پاورنہیں کہہ سکتے، مولانا فضل الرحمان کا پشاور میں خطاب

پشاور (آئی این پی) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ گزشتہ حکومت کے فتنے کو ہم نے شکست دی، پاکستان پر معیشت کے حوالے سے دبا ئومسلط کیا جارہا ہے۔جے یوآئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ جے یو آئی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو خوش آمدید کہتا ہوں، ہمارے لئے خوشی کا لمحہ ہے، مہمند کے نامور خاندان نے باضابطہ طورپر جے یو آئی میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان ہمارا گھر ہے ہم اس کو خوشحال دیکھنا چاہتے ہیں،

پاکستان کی شناخت اسلامی ہونی چاہئے تھی، ہماری مذہبی شناخت کو ختم کردیا گیا، پاکستان پر معیشت کے حوالے سے دبا ئومسلط کیا جارہا ہے، بھارت، افغانستان، ایران پر معاشی دبائو نہیں ۔امیر جے یو آئی نے کہا کہ بھارت، بنگلہ دیش پر مدارس کے حوالے سے کوئی دبائو نہیں، دینی مدارس کے حوالے سے دبائو صرف پاکستان پر ہے، الیکشن میں آپ کے ووٹ نے فیصلہ کرنا ہے، کیا پھر آپ انہی قوتوں کے حوالے ملک کریں گے جن کا ایجنڈا کشمیر بیچنا اوراسرائیل کو تسلیم کرنا ہے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ غزہ کے لوگوں نے بہت بڑی قربانی دی ہے، حماس نے مسئلہ فلسطین کو زندہ کردیا ہے، کہاں ہے عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں؟ غزہ میں دو ماہ کے اندر16 ہزار لوگوں کو شہید کر دیا گیا، بیس سال افغانستان میں انسانیت کا قتل کیا گیا،

امریکا نے عراق، لیبیا، شام کو برباد کیا۔جے یو آئی کے سربراہ نے کہا کہ امریکا کے ہاتھوں پوری انسانیت کا خون ٹپک رہا ہے، امریکا افغانستان سے شکست کھا کر بھاگا، اسے سپر پاورنہیں کہہ سکتے، اسلامی دنیا اور ہمارے ملک کے حکمران کیوں دبا ئومیں ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close