راولپنڈی ( آئی این پی)وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے فیملی ہسپتال راولپنڈی کاتفصیلی دورہ کیا۔ وزیر اعلی پنجاب کا ایک ماہ کے دوران ہولی فیملی ہسپتال کا دوسرا دورہ ہے۔انہوں نے31جنوری تک اپ گریڈیشن پراجیکٹ کو مکمل کرنے کی ڈیڈلائن دے دی۔وزیراعلی محسن نقوی نے دو گھنٹے تک ہسپتال کے اپ گریڈیشن کے کام پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ ڈاکٹر ناصر جمال، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، سیکرٹری صحت، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، کمشنر راولپنڈی، آر پی او راولپنڈی اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وزیراعلی محسن نقوی نے فرش پر لگائی گئی ٹائلز کی کوالٹی دیکھ کر برہمی کا اظہار کیا اور یکساں معیار کی ٹائلز لگانے کاحکم دیا۔وزیر اعلی محسن نقوی نے ہسپتال کی اولڈ بلڈنگ، اوپی ڈی اور مختلف وارڈز میں جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔وزیراعلی محسن نقوی بیسمنٹ، گرانڈ فلور اور فرسٹ فلور پر گئے۔ انہوں نے تعمیراتی سرگرمیوں کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ اپ گریڈیشن کے کام میں معیار کوہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ کوالٹی ورک پرکسی قسم کاسمجھوتہ برداشت نہیں کیاجائے گا۔ منصوبہ کو وقت سے پہلے مکمل کریں گے، اپ گریڈیشن پر 24 گھنٹے کام جاری ہے۔ ہسپتال کے اولڈ اور نیو بلاک پر کام طے شدہ وقت سے پہلے مکمل کر رہے ہیں۔ اولڈ بلاک کا 33 فیصد کام مکمل ہو چکا، یکم دسمبر تک 26 فیصد کام کی مکمل ہونا تھا۔ وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ ہولی فیملی ہسپتال تک رسائی کی سڑکوں کو بھی کشادہ کیا جارہاہے۔پنجاب میں شعبہ صحت کی بہتری کے لئے دن رات محنت کی جارہی ہے۔ 100سے زائد ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن چل رہی ہے جو جلد مکمل ہوجائے گی۔
پوری کوشش ہے کہ ہسپتالوں کی حالت کوبہتر بنا کر کے جائیں۔ قبل ازیں وزیراعلی محسن نقوی کی زیر صدارت ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے کام کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں وزیر اعلی محسن نقوی کو اپ گریڈیشن کے کام پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔وزیراعلی محسن نقوی نے ہولی فیملی ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے کام کو جلد مکمل کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایا ت دیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں