محمود خان نے کے پی میں پرویز خٹک کی پارٹی کی حکومت کے قیام کا دعویٰ کر دیا

پشاور(آئی این پی)سابق وزیر اعلی و وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین محمود خان نے کہا ہے کہ سیاست عوام کی خدمت کے لئے کی جاتی یے، اب سیاست سے گالم گلوچ کے کلچر کو ختم کرنا ہوگا،یہ واضح کردوں کہ آئندہ الیکشن میں پی ٹی آئی پی صوبے میں حکومت بنائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سواڑی بونیر میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابق وزیر اعلی محمود خان نے پارٹی میں شامل ہونے والوں کو مبارکباد دی۔

کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعلی محمود خان نے کہا کہ ہم نے نو سالوں میں اس صوبے اور علاقے کی خدمت کی ہے، عوام باشعور ہے اور اختیار بھی انہی کے پاس ہیں، وہ اپنے لئے بہتر جانتے ہیں کہ کون خدمت کرسکتا ہے اور کون دھوکے میں رکھ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنا منشور امن،ترقی و خوشحالی عوام کے سامنے پیش کیا ہے ،آئندہ الیکشن میں عوام ہم کو ہی ووٹ دیں گے اور صوبے میں ہم اپنی حکومت بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کے ترقیاتی کام کرکے صوبے کے مختلف شعبوں میں انقلابی اصلاحات کرکے عوام کو براہ راست ریلیف دیا، اب عوام کی مرضی ہے کہ وہ ملک کو لوٹنے والے کرپٹ ٹولے پی ڈی ایم کے جماعتوں کو ووٹ دیتے ہیں یا پی ٹی آئی پی کے ساتھ ترقی کا سفر جاری رکھنے کے لیے ہمارے ہاتھوں کو مظبوط کرتے ہیں،

ہم نے عوام کی بہتر زندگی تعمیر و ترقی، خوشحالی اور امن کے سوچ کے تحت اپنی پارٹی بنائیں ہے، انہوں نے کہا کہ سیاست عوام کی خدمت کے لیے کی جاتی ہے، اب سیاست سے گالم گلوج کا کلچر ختم ہونا چاہئے ،سادہ لوح عوام کو گمراہ کرنے اور سبز باغ د کھانے کی بجائے عوام کے سامنے اپنا منشور رکھیں،ہمارے دور کے انقلابی اقدامات کی وجہ سے مخالفین خوف زدہ ہے اس وجہ سے ان کے جلسوں میں تقریر کا اغاز اور اختتام پرویز خٹک اور مجھ پر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین حوصلہ رکھیں اگلی حکومت ہماری ہی ہو گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close