فیصل آباد(آئی این پی)جمعیت علمائے اسلام (ف)کے امیر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی کارکردگی تو کچھ نہیں تھی، ان کا ایجنڈا بھی پاکستان کے خلاف ہے، پی ٹی آئی کو ملکی سیاست میں نہیں ہونا چاہئے۔فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان نواز شریف کا اپنا ملک ہے ان کو واپس آنا چاہیے، نواز شریف نے اعلان کیا ہے اگر انہوں نے پلان میں کوئی رد و بدل کرنی ہے تو یہ اختیار ان کا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ انضمام کے بعد فاٹا کی محرومی دور نہیں ہوئی، اس وقت تک بھی ان کو 2017 سے 80، 90 کروڑ ہی ملا، فاٹا میں پولیس یا انتظامیہ یا محکمہ مال نام کی کوئی چیز نہیں، فاٹا کے انضمام کے بعد جو حق ملنا چاہیے تھا وہ ابھی تک نہیں ملا۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے ججز اور جرنیلوں کے احتساب کے بیان پر کچھ نہیں کہوں گا، اگر مجھ سے وہ مشورہ مانگیں گے تو بتاں گا، ملک کے حالات تو پی ٹی آئی نے خراب کر دیئے تھے ہم تو صرف گالیوں کے لیے رہ گئے، ہم نے صرف ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لیے حکومت لی۔امیر جے یو آئی نے کہا کہ الیکشن کرانا یا نہ کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے، اس وقت بلوچستان اور کے پی میں الیکشن مہم چلانا مشکل ہے،
میرے لیے خود الیکشن مہم میں حصہ لینا مشکل ہے، دھماکوں میں جمعیت کے علما شہید ہوئے۔فضل الرحمان نے مزید کہا کہ جنوری ایسا مہینہ ہے جہاں شمالی علاقوں میں بہت زیادہ سردی اور برفباری ہوتی ہے، جنوری کا مہینہ میرے خیال سے الیکشن کے لیے کوئی اچھا وقت نہیں، شمالی علاقوں میں جب لوگ سردی کی وجہ سے ووٹ ہی نہیں ڈال سکیں گے تو پھر کیسا الیکشن ہو گا۔امیر جمعیت علما اسلام نے کہا کہ نگران حکومت کو دیوالیہ پن سے نکلی حکومت ملی، عام آدمی کو ریلیف کے ثمرات نہیں مل رہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں