قوم ظالموں کا احتساب کرنے کے لیے تیار بیٹھی ہے، عوام کو ان کا حق اور فیصلے کا اختیار دیا جائے، سراج الحق نے مطالبہ کر دیا

لاہور (آئی این پی )امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ محلاتی سازشوں، بندکمروںمیں فیصلوں اور سیاسی انجینئرنگ سے مسائل مزید گنجلک ہوں گے،قوم ظالموں کا احتساب کرنے کے لیے تیار بیٹھی ہے، عوام کو ان کا حق اور فیصلے کا اختیار دیا جائے۔ جماعت اسلامی کی ملک و قوم کے لیے قربانیوں اور خدمات کی لازوال داستانیں ہیں، ہماری سیاست کا مقصد ملک میں اسلامی نظام کا قیام ہے۔ قوم آزمائے ہوئے ظالم جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کی بجائے جماعت اسلامی کے ساتھ تعاون کریں تاکہ آئندہ نسلوں کا مستقبل محفوظ ہو اور اسلام آباد حقیقی معنوں میں اسلام کا قلعہ بنے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے تیمرگرہ دیرپائن میں ورکرز کونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ہفہ کے روز اپنے خطاب میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات نااہل پارٹیوں کی حکومتوں کی وجہ سے ہیں، اسلام نافذ ہو جاتا تو مشرقی پاکستان بنگلہ دیش نہ بنتا، استحصالی نظام کی وجہ سے ملک دولخت ہوا، جو آج بھی جاری ہے، وسائل پر دوفیصد اشرافیہ قابض ہے، ملک پر مسلط حکمرانوں کے نام پاناما لیکس اور پنڈوراپیپرز میں آئے، سب کی فائلیں نیب کے دفاتر میں ہیں، سب نے توشہ خانہ لوٹا۔ پاکستانی قوم کو بدترین مہنگائی کا سامناحکومتوں کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے، آج مہنگائی اور بے روزگاری کے ساتھ لوگوں کے جان و مال بھی محفوظ نہیں، خیبرپختونخوا میں بدامنی عروج پر ہے،بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات ہوتے ہیں، لوگوں کو دن دہاڑے اٹھا لیا جاتا ہے، ملک مسلح جتھوں کے حوالے ہے، حکومت صرف نام کی ہے، خیبرپختونخوا میں گزشتہ ایک دہائی میں کوئی قابل ذکر فلاحی اور ترقیاتی منصوبہ پایہ تکمیل کو نہیں پہنچا، مالاکنڈ ڈویژن کو مسائل کے انبار کا سامنا ہے،

لوگوں کے روزگار کے ذرائع ختم ہو گئے، علاقہ کو سی پیک کا حصہ نہیں ملا۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکمران محلات میں مقیم ہیں اوربلٹ پروف گاڑیوں میں باہر نکلتے ہیں، غریب لاوارث ہے، عام آدمی کے لیے انصاف کے دروازے بند ہیں، جس کی لاٹھی اس کی بھینس کاقانون ہے۔ انھوں نے کہا کہ عالمی طاقتیں پاکستان میں عدم استحکام پیدا کر کے یہاں سوڈان، شام لیبیا جیسی صورت حال پیدا کرنا چاہتے ہیں، ملک پر مسلط طبقات استعمار کے وفادار ہیں، انھوں نے ملک کے جغرافیے اور نظریے کو تباہ کیا، قوم کو اپنی قسمت کا فیصلہ خود کرنا ہے، سانپوں کو دودھ پلا کر انھیں اژدھا نہ بنایا جائے،۔ سراج الحق نے نے کہا کہ حکمرانوں کی مفادات کی جنگ جاری رہی تو حالات اس نہج پر پہنچ جائیں گے کہ واپسی ممکن نہ ہو سکے گی۔ انھوں نے کارکنان کو ہدایت کی کہ لوگوں کے دلوں اور گھروں پر دستک دے کر جماعت اسلامی کا کرپشن فری اسلامی فلاحی پاکستان کا پیغام دیا جائے، مستقبل اسلام اور پاکستان کا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close