لاہور(آئی این پی) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے انسداد ڈینگی کے حوالے سے تمام محکموں کو الرٹ رہنے کا حکم دیا اور کہا ہے کہ روایتی انداز میں کام نہیں چاہیئے۔ محکمے انسداد ڈینگی کیلئے متحرک انداز میں ڈیلیور کریں۔انسداد ڈینگی کی سرگرمیوں اور لاروا کی نشاندہی کے ڈیٹا میں واضح فرق ہے۔آئندہ یہ سلسلہ نہیں چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ انسداد ڈینگی کی سرگرمیوں اور لاروا کی نشاندہی کے ڈیٹا میں مطابقت ہونی چاہیئے۔
فیلڈ ٹیموں کی سرگرمیوں کو ویڈیو اور تصویر کے ہمراہ وقت اور تاریخ کے ساتھ ڈیش بورڈ پر اپ ڈیٹ کیا جائے۔وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ انسداد ڈینگی کیلئے محکموں کو ابھی سے جاگنا ہوگا۔انسداد ڈینگی کیلئے یونین کونسلز اور وارڈز کی سطح پر سرگرمیوں کا آغاز کیا جائے اور منتخب نمائندوں کو اس حوالے سے آن بورڈ لیا جائے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ تساہل برداشت نہیں کروں گا اور میں باقاعدگی سے ہر محکمے اور ضلع کی کارکردگی کا جائزہ لوں گا۔اچھی کارکردگی پر انتظامی افسران اور محکموں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ خراب کارکردگی پر جواب طلبی ہو گی۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کمشنر آفس میں خصوصی سیل کے قیام کی ہدایت کی اور کہا کہ فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی کو باقاعدگی سے مانیٹر کیا جائے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کی زیر صدارت انسداد ڈینگی کے لئے اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس میں صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق، ایم پی اے پی اشرف رسول، چیف سیکرٹری،متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز،انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کی سربراہ،طبی ماہرین اور انتظامی افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ فیصل آباد، شیخوپورہ، راولپنڈی، ملتان اور گوجرانوالہ کے ڈپٹی کمشنرز اور سی ای او ہیلتھ اتھارٹیز کی وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔بعد ازاں وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہبازکی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پری مون سون تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کرنٹ سے بچاؤ کیلئے بجلی کھمبوں پر انسولیشن/ ربڑپینٹ کرانے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے ہدایت کی کہ انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک کی تعمیر جلد از جلد مکمل کی جائے۔ مظفرگڑھ، لیہ، میانوالی اور دیگر شہروں میں ممکنہ سیلاب کے خطرے کے پیش نظر آبادیو ں کا بروقت انخلاء اور دیگر حفاظتی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ فلڈ کے حوالے سے واسا لاہو رکے ایس او پیز دیگر شہروں پر بھی لاگو کئے جائیں۔کمشنر لاہور ڈویژن نے ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ، آبادی کے انخلاء اور فلڈ پلان پر تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر نے بتایا کہ لاہور میں سیور لائنوں کی ڈی سلٹنگ کا عمل تقریباً مکمل ہو چکا ہے، تھرڈ پارٹی اویلوایشن جاری ہے۔ ممکنہ سییلاب کی موثر مانیٹرنگ کیلئے ڈسٹرکٹ فلڈ کنٹرول روم قائم کر دیا ہے اور لاہو رمیں 16 ڈسپوز ل سٹیشن پوری طرح فنکشنل ہیں۔ معاون خصوصی خواجہ احمد حسان، میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن، سید توصیف شاہ، سیکرٹری ہاؤسنگ، آبپاشی، کمشنر و ڈپٹی کمشنر لاہور، ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی-قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نیلاہور کے سابق چیئرمین اور وائس چیئرمینوں سے ملاقات کی مسائل اور تجاویز سن کر احکامات جاری کئے۔وزیر اعلی حمزہ شہباز نے منشیات کے خلاف موثر اورمنظم مہم چلانے کی ہدایت کی اور سی سی پی او لاہور کو منشیات فروشی کے خلاف بھرپور کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو مشکل وقت میں ریلیف دینے کیلئے آٹے پر 200ارب روپے سبسڈی دے رہے ہیں۔چینی اورگھی کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے جلد خوشخبری دیں گے۔انہوں نے کہا کہ اگلے ماہ سے منتخب ہسپتالوں میں کینسر اوردیگر ادویات مفت ملیں گی۔ کوٹ خواجہ سعید،سید مٹھا اوریکی گیٹ ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولتوں کو بہتر بنایا جائے گا۔واسا کو پانی کی فراہمی کیلئے ہدایات جاری کردی ہیں۔لاہور بھر کے فلٹریشن پلانٹس کو بحال کیا جارہا ہے۔اندرون لاہور میں بجلی کے لٹکتے ہوئے تار اورگیس کی عدم فراہمی کے مسائل حل کریں گے۔ پارکنگ کے مسائل حل کرنے کیلئے پارکنگ پلازے بنانے کا جائزہ لیں گے۔وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ سیاست نہیں خدمت پر یقین رکھتا ہوں۔ عوام کے دکھوں کے مداوے اور مسائل کے حل کیلئے ہر چھوٹے بڑے شہر جاؤں گا۔طویل سیاسی جدوجہد کرنے والے اورظلم برداشت کرنے والے پارٹی کارکنوں کوسلام پیش کرتا ہوں،میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن،توصیف شاہ،کبیر تاج، صبغت اللہ،دستگیر شاہ، احمد بٹ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں