مسجد نبوی ؐ کا واقعہ، جو شر پسند عناصر ملوث ہیں انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے، آل پاکستان انجمن تاجران میدان میں آ گئی

لاہور(آئی این پی)آل پاکستان انجمن تاجران نے مسجد نبوی ؐ میں پیش آنے والے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری امت مسلمہ اس دلخراش واقعہ پر انتہائی دکھی اور افسردہ ہے، آپس کی سیاسی مخالفت کو اس نہج پر پہنچا دینا کہ مقدس مقامات کی حرمت کو بھی بھلا دیا جائے انتہائی تشویشناک ہے۔

مرکزی صدر اشرف بھٹی،سیکرٹری جنرل محبوب سرکی،لاہور کے جنرل سیکرٹری نعیم بادشاہ،چیئرمین انجمن تاجران لاہور حافظ عطا اللہ اوروائس چیئرمین ملک ناظم نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ مسجد نبویؐ میں پیش آنے والے واقعہ میں جو بھی شر پسند عناصر ملوث ہیں انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔ اس واقعہ پر پوری امت مسلمہ بالخصوص پاکستانی قوم دل گرفتہ ہے اورانہیں سیاست میں کشیدگی کو اس سطح پر پہنچانے پر بھی سخت تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق سعودی حکومت نے مسجد نبویؐ کے تقدس کی بے حرمتی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہے جو قابل تحسین ہے،اگر اس میں کسی کی سازش اور منصوبہ بندی کارفرما ہے تو اسے بھی سامنے لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مقدس ترین مقام کی بے حرمتی کرنے والوں کو خدا کے حضور گڑ گڑا کر اپنے اس گناہ کی معافی مانگنی چاہیے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں