پنجاب یونیورسٹی کے ہونہار طلبا کو روس کی یونیورسٹی اسکالر شپ دے گی

لاہور (آئی این پی) پنجاب یونیورسٹی اور روس کی معروف پیپلز فرینڈ شپ یونیورسٹی کے مابین معاہدہ طے پاگیا ہے۔تفصیلات کے مطابق روس کی یونیورسٹی پنجاب یونیورسٹی کے ہونہار طالبعلم کو سکالرشپ دے گی، معاہدے پر دستخطوں کی تقریب کا وائس چانسلر کے دفتر میں انعقاد ہوا جس میں وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد نے شرکت کی۔تقریب میں پیپلز فرینڈ شپ یونیورسٹی ماسکو کی پرو ریکٹر ڈاکٹر ایفریمووا لاریسا، اناستاسیس گرووا اور مختلف فکلیٹیوں کے ڈینز نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈاکٹر ایفریمووا کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جامعات کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کے لئے پاکستان آئی ہوں، پنجاب یونیورسٹی کی مختلف فیکلٹیوں کی انٹرنیشنل رینکنگ میں ترقی جان کر خوشی ہوئی، خواہش ہے کہ پاکستانی طلبا ہماری یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کریں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے طلباء و طالبات کے لئے روس میں سمر اسکول پروگرام شروع کرنا چاہتے ہیں، پنجاب یونیورسٹی کے ساتھ اساتذہ کے وفود کا تبادلہ کریں گے، پاکستان، ایران اور ترکی کی یونیورسٹیوں سے تعلقات کو فروغ دے رہے ہیں۔ ڈاکٹر نیاز احمد کا کہنا تھا کہ پنجاب یونیورسٹی روس اور وسطی ایشیا کی ریاستوں کے ساتھ فروغ دے رہی ہے، روس کی یونیورسٹی کے ساتھ معاہدہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو فروغ دے گا، روس کی جامعات میں سائنس و ٹیکنالوجی کی اعلی تعلیم دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی جامعات کو روس کی جامعات کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینا چاہئیے، روس کی جامعات سے کی جانے والی ڈگریوں کے ایکریڈیٹیشن کے مسائل حل ہونے چاہئیں، روس کی اہم یونیورسٹی سے وفد کا آنا بہت خوش آئند ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close