بھاری مالی نقصان کے بعد راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان چلنے والی میٹرو بس سروس بحال

اسلام آباد(آئی این پی) جمعیت علما ئے السلام کے پڑا ؤاور مسلم لیگ (ن) کے مہنگائی لانگ مارچ وجلسہ ختم ہونے کے بعد جڑاوں شہروں راولپنڈی اسلام آباد کے مابین چلنے والی میڑو بس سروس تیسرے روز بحال کر دی گئی۔تفصیلات کے مطابق پشاور روڈ پر پڑا اور جلسہ ختم ہونے کے بعد اسلام آباد انتظامیہ نے تاخیر ہونے کے باعث میڑو بس اتھارٹی کو صورتحال معمول پر آنے سے متعلق آگاہ نہیں کیا تھا، تاہم صبح ساڑھے 10 بجے کلیرینس ملی جس کے بعد راولپنڈی کے ایلوویٹڈ ٹریک سے بسوں کو ڈیپو منتقل کرکے دوپہر کے وقت میڑو آپریشن کو بحال کر دیا گیا۔

میڑو ڈیپو پشاور موڑ سیکیورٹی نقطہ نگاہ سے بند ہونے کے باعث تمام بسیں راولپنڈی ایلوویٹیڈ ٹریک پر پارک کی گئی تھیں۔ میڑو بسیں روٹین میں شیڈول کے مطابق صبع 6 بجے سے شب 10 بجے تک آپریشنل رہتی ہیں۔روزانہ ایک لاکھ 10 ہزار سے ایک لاکھ 25 ہزار مسافر میڑو سروس کے ذریعے جڑواں شہروں کے مابین سفر کرتے ہیں، میڑو بس سروس معطل ہونے سے شہریوں کو شدید سفری مشکلات کا سامنا رہا۔ میڑو بس اتھارٹی کو آپریشنل اخراجات کی مد میں بھاری مالی نقصان کا سامنا بھی کرنا پڑا۔سری نگر ہائی وے کو بھی رکاوٹیں ہٹا کر ٹریفک کے کلیئر کر دیا گیا جس کے بعد سری نگر ہائی وے پر بھی ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔۔۔۔

close