پاکستان گولڈ سٹینڈرڈ بی آر ٹی سروس ایوارڈ حاصل کرنے والا دنیا کا 7واں ملک بن گیا

پشاور(آ ئی این پی)ترجمان خیبرپختونخوا حکومت وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے اپوزیشن کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) پشاور کی پے در پے کامیابیوں پر خاموشی توڑنے کا چیلنج دیا ہے،بی آر ٹی پشاور کی حالیہ کامیابی پر حکومت خیبر پختونخوا، بی آر ٹی ملازمین، سروس پروائیڈرز اور تمام سرکاری اداروں کی ان تھک محنت کی تعریف کی ہے۔

تفصیلات کیمطابق معاون خصوصی اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف بی آر ٹی پشاور کو بین الاقوامی گولڈ سٹینڈرڈ سروس درجہ ملنے پر بی آر ٹی ہیڈ کوارٹر چمکنی پہنچ گئے۔ انہوں نے کہا کہ کہاں ہے اپوزیشن جو بی آر ٹی کو ناکام منصوبہ کہہ کر سیاست کرتی تھی؟ اپوزیشن جماعتیں اب بی آر ٹی کی کامیابیاں سنیں، دیکھیں اور برداشت کریں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن شرمندگی کے باعث بی آر ٹی کا نام تک نہیں لے سکتی کیونکہ اپوزیشن سمیت پوری دنیا عمران خان کے ترقیاتی ویژن کی معترف ہیں،تمام عوامی منصوبے بین الاقوامی معیار کے مطابق بنا رہے ہیں، بی آر ٹی پشاور کی بہترین معیاری سروسز کے حصول پر بات کرتے ہوئے معاون خصوصی بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ اب تک دنیا بھر میں بی آر ٹی گولڈ سٹینڈرڈ سروس ایوارڈ صرف 6 ممالک کو حاصل ہو سکا ہے، جنوبی ایشیا میں گولڈ اسٹینڈرڈ سروس ایوارڈ کا اعزاز ہمارے خیبرپختونخوا پاکستان کے پاس ہے۔ اللہ کے فضل سے ہمارے منصوبوں کی ساری دنیا معترف ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی ادارے کی جانب سے بی آر ٹی پشاور کی تمام تر سروسز کی آزاد اور منصفانہ جانچ پڑتال کی گئی۔ اس سلسلے میں انٹرنیشنل ادارے کی جانب سے کئی ممبران نے بی آر ٹی پشاور کا بغیر بتائے سفر کیا اور مسافروں سے ملاقات بھی کی، اور نتائج مرتب کیے۔ اہل پشاور کی جانب اشارہ کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے وزیراعلی بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ پاکستان گولڈ سٹینڈرڈ بی آر ٹی سروس ایوارڈ حاصل کرنے والا دنیا کا 7واں ملک بن گیا ہے۔ بی آر ٹی پشاور گولڈ سٹینڈرڈ سروس ایوارڈ کیلئے 100 میں 97 پوائنٹس لے کر عالمی ریکارڈ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ ابھی تک کسی بھی گولڈ سٹینڈرڈ سروس حاصل کرنے والے ملک کے اتنے پوانٹس نہیں ہیں۔ رواں سال 87 مزید بسیں سسٹم کا حصہ بنے گی. حکومت خیبر پختونخوا کا اس عوامی پراجیکٹ بنانے پر اہل پشاور کی جانب سے مشکور ہیں۔ معاون اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا کہ بی آر ٹی پشاور دنیا میں صف اول کی پبلک ٹرانسپورٹ سروس ہے۔ پشاور کے شہریوں کے سفری اخراجات میں 100فیصد کمی ہوئی جبکہ اس سے قبل بی آر ٹی پشاور کو عالمی ٹرانسپورٹ ادارے کی جانب سے سسٹینبل ٹرانسپورٹ ایوارڈ میں اعزازی تذکرہ بھی حاصل ہوا۔ انہوں نے فخریہ انداز میں کہا کہ اقوام متحدہ برائے خواتین کی جانب سے خواتین کو بہترین اور محفوظ سفری سہولت دینے پر بھی ایوارڈ دیا گیا۔ بی آر ٹی کو ملنے والے ایوارڈ میں میڈیا کا بہت اہم کردار ہے۔ منفی پراپیگنڈا کرنے اور تنقید کرنے والوں کو کارکردگی سے رد کیا گیا کیونکہ کامیابی منجانب اللہ ہے۔ کسی بھی بی آر ٹی سسٹم کیلئے گولڈ سٹینڈرڈ سروس کا درجہ ملنا سب سے بڑا اعزاز ہوتا ہے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close