اپوزیشن کاباقی ڈیڑھ سال بھی تاریخیں دینے، گراؤنڈ تیار کرنے میں گزرے گا، پی ٹی آئی کے سینئر لیڈر کا چیلنج

لاہور(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت کے درست سمت میں گامزن ہونے کی وجہ سے اپوزیشن جماعتیں سیاسی طو رپر بیروزگار ہیں،کئی دہائیوں تک اقتدار پر مسلط رہنے والوں کو کبھی ملک اوررعوام کیلئے اکٹھے بیٹھنے اورسوچ بچار کرنے کا خیال نہیں آیا لیکن دوبارہ اقتدار کے حصول کے لئے دن رات ایک کئے ہوئے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے مفادات کی نوعیت مختلف ہے جس کی وجہ سے یہ کبھی متحد نہیں ہو سکتیں لیکن حکومت کو ان کے متحد ہونے یا نہ ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ عوام انہیں مسترد کر چکے ہیں،وہ وقت آئے گا جب یہ دوبارہ دست و گریباں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ سابقہ حکمران اپنی طرف سے تو ملک کو اندھے کنویں میں دھکیل کر گئے تھے لیکن وزیر اعظم عمران خان نے دن رات کی محنت سے نہ صرف پاکستان کو اندھیروں سے نکالا ہے بلکہ درست سمت میں بھی گامزن کیا ہے۔ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ والے آگاہ ہیں کہ موجودہ حکومت اصلاحات کے ذریعے ملک کو جس جانب گامزن کر رہی ہے آنے والے سالوں میں ان کی سیاست کا نام لینے والا بھی کوئی نہیں ہوگا جس کی وجہ سے ان کی راتوں کی نیندیں اڑ ی ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کواچھی طرح معلوم ہے کہ ان کی کال پر عوام باہر نہیں نکلیں گے اس لئے سبکی سے بچنے اور فیس سیونگ کیلئے تدبیریں کی جارہی ہیں۔ آج بھی انہیں پیشکش کرتے ہیں کہ سازشیں کرنے کی بجائے ملک کی بہتری کے لئے اپنی تجاویز دیں جنہیں زیر غور لایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن باقی ڈیڑھ سال بھی لانگ مارچ اور عدم اعتماد لانے کیلئے تاریخوں کا اعلان اور اس کے لئے گراؤنڈ ہی تیار کرتی رہے گی۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close