پنڈی گھیب (آئی این پی)اساتذہ کے حقوق کے لئے تنظیم اگیگا کے زیر اہتمام اسلام آباد پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے 10فروری کو ہونے والے احتجاج میں ضلع اٹک کے ا ساتذہ بھر پور شرکت کریں گئے،اس سلسلے میں تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ پیر کو یہ بات سردار زادہ سلطان محمود ضلعی صدر پنجاب ٹیچر یونین ضلع اٹک اور ضلعی جنرل سیکرٹری اٹک ٹیچر ز الائنس عبد الرؤف زلفی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہی،سردار زادہ سلطان محمود نے کہا کہ تحصیل اٹک،حضرو،حسن ابدال،فتح جنگ،جنڈ اور پنڈی گھیب سے ٹیچر کے منتخب نمائندے اس احتجاج میں حصہ لیں گے،احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا۔
انہوں نے خواتین و حضرات ملازمین (حاضر و ریٹائرڈ)کو اس احتجاج اور دھرنے میں بھر پور حصہ لینے کی دعوت دی اور کہا کہ ہمارے جائز مطالبات ہیں جن میں پینشن اور تنخواہوں میں سو فیصد اضافہ،مہنگائی کے تناسب سے مہنگائی الاؤنس،ریٹائرمنٹ میں 55سال کی شرط کو ختم کیا جائے، وفاق کی طرز پر تمام صوبوں میں ڈی آر اے جاری کرنے کی ہدایات جاری کی جائیں،تمام ملازمین اور ایجوکیٹر زکو پے اینڈ سروس پروٹیکشن دی جائے،وفاقی اور صوبائی ملازمین کی اپ گریڈیشن کا وعدہ پورا کیا جائے،پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے تناسب سے کنوینس الاؤنس دیا جائے،اور آئی ایم ایف کی ایما پر ملازمین کش پالیسیوں سے گریز کیا جائے۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں