ایف بی آر نے کارروائی شروع کر دی، ٹیکس کا کمپیوٹرائزڈ سسٹم نصب نہ کرنے پر6 بڑے سٹور سیل کر دیئے گئے

پشاور(آئی این پی)پشاور میں ایف بی آر کی بڑی کارروائی،پی او ایس سسٹم کی تنصیب اور ایف بی آر کی کمپیوٹرازڈ سسٹم سے منسلک کرنے میں ناکامی پر پشاور کے مختلف مقامات پر چھ(6) بڑے سٹوروں کو سیل کر دیا گیا۔ ایف بی آر کی ایک ٹیم نے اسسٹنٹ کمشنر انلینڈ ریوینیو سیدہ میمونہ کی قیادت میں کارروائی کرتے ہوئے مسٹر مارٹ، ناصر باغ روڈ پشاور، سیون سپر سٹور نزد فاٹا سیکرٹریٹ، ورسک روڈ پشاور، اقبال فوم اینڈصوفہ نزد تمبوان موڑ تہکال بالا پشاور اور فائیو سٹار فوم، تہکال بالا، پشاور کو تالے لگا کر سیل کر دیا۔

ایف بی آر کی دوسری ٹیم نے ڈپٹی کمشنر انلینڈ ریوینیو محمد طارق کی قیادت میں کاروائی کرتے ہوئے ویلکم فارمیسی پشتخرہ، رنگ روڈ پشاور اور عوامی سپر سٹور نزد ٹال پلازہ، رنگ روڈ پشاور کو سیل کر دیا۔ٹیئرون کے حامل یہ تمام بڑے سٹور باوجود جرمانوں اور وارننگ کے پوائنٹ آف سیل کی تنصیب اورایف بی آر کی کمپیوٹرازڈسسٹم سے منسلک کرنے کی قانونی تقاضوں کو پورا کرنے میں ناکام رہے تھے۔ادھر چیف کمشنر انلینڈریوینیو ریجنل ٹیکس آفس پشاور خورشید احمد خان مروت اور کمشنر انلینڈ ریوینیو پشاور زون شہید محبوب نے Tier-1کے شرائط پر پورا اترنے والے تمام ریٹیلرز سے اپیل کی ہے کہ وہ بلا تاخیر اپنے پوائنٹ آف سیلز(POS) کو ایف بی آر کی کمپیوٹرازڈ سسٹم سے منسلک کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک ہمارا ہے اور اس کو معاشی طور پر مستحکم کرانا ہم سب کا فرض ہے۔

انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ POSسسٹم کی تنصیب قانونی اعتبار سے لازم ہے اور خلاف ورزی کرنے والے کو بھاری جرمانہ اور دوکان سیل کرنے جیسے اقدامات کا سامنا کرنا پڑے گا۔۔۔۔۔۔

close