اسلام آباد میں زمین کے تنازعے پر5 افراد قتل، 7 زخمی

اسلام آباد(آئی این پی) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے بھارہ کہو میں زمین کے تنازعے پر دو مختلف واقعات میں پانچ افراد قتل جبکہ سات زخمی ہوگئے، پولیس ذرائع کے مطابق بھارہ کہو کے علاقے سری چوک میں ہونیوالی فائرنگ میں چار افراد جان کی بازی ہار گئے، آئی جی اسلام آباد پولیس نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کی ہدایت کر دی،پولیس ذرائع کے مطابق سرشام تھانہ بھارہ کہو کے علاقے سری چوک میں نامعلوم افراد نے راجہ ناصر نامی شخص کی گاڑی پر اس وقت اندھا دھندفائرنگ کردی جب وہ اپنے گھر جارہے تھے،

فائرنگ کے نتیجے میں راجہ ناصر، ایڈووکیٹ ہارون قدیر جبکہ ان کے دو سیکورٹی گارڈ جاں بحق ہوگئے، جبکہ گاڑی میں موجود ان کا ایک گارڈ زخمی ہوگیا، چاروں افراد کی میتوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا، پولیس ذرائع کے مطابق مقتولین کی راجہ رضی نامی گروپ کے ساتھ اراضی کے تنازعے پر دشمنی چل رہی تھی، جبکہ دوسرا واقعہ بھی تھانہ بھارہ کہو کے علاقہ بھوبھڑی میں پیش آیا جہاں پر زمین کی نشاندہی کے موقع پر فائرنگ سے راجہ فیاض نامی ایک شخص جاں بحق جبکہ چھ افراد زخمی ہوگئے، زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا، پولیس نے واقعات کی رپورٹ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close