پشاور(آ ئی این پی) وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ وبائی صورتحال کے باوجود عوام کو ریلیف دینے کی خاطر بے مثال اقدامات کیے ہیں،کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ بھی ملک بھر میں پارٹی حکومت قائم کر کے مخالفین کے منہ بند کردیں گے،سابقہ ادوار میں کرپشن کے ریکارڈ قائم کئے گئے جبکہ موجودہ حکومت نے کرپٹ عناصر کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا ہے،ان سے پائی پائی کا حساب لے رہی ہے،پاکستان تحریک انصاف کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے ،پی ٹی آئی ملک بھر میں حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کر رہی ہے۔
اتوار کو پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر اور وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کی دعوت پر نوشہرہ بار کے سابق صدر و پیپلز پارٹی کے سابق ضلعی جنرل سیکرٹری افتخار علی خان ایڈووکیٹ نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی جبکہ باقاعدہ اعلان پریس کانفرنس کے ذریعے کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر اور وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نوشہرہ بار کے سابق صدر و پیپلز پارٹی کے سابق ضلعی جنرل سیکرٹری افتخار علی خان ایڈووکیٹ کی رہائشگاہ گئے جہاں پر انہوں نے ملاقات کی۔ اس موقع پر پیپلز لائرز فورم کے ڈویژنل جنرل سیکرٹری میاں شجاعت شاہ ایڈووکیٹ‘ سعید ایڈووکیٹ‘ پیر زادہ نواب‘ امجد پراچہ‘ ذوالفقار احمد‘ سلیم خان ایڈووکیٹ‘ وحید خان اور دیگر بھی موجود تھے۔
اس دوران وزیر دفاع پرویز خٹک نے انہیں پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی جسے نوشہرہ بار کے سابق صدر و پیپلز پارٹی کے سابق ضلعی جنرل سیکرٹری افتخار علی خان ایڈووکیٹ نے قبول کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے قافلے میں شریک ہو گئے اور کہا کہ باضابطہ اعلان جلد پریس کانفرنس کے ذریعے کیا جائے گا۔ اس موقع پر پارٹی کے صوبائی صدر و وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے،آئے روز دیگر پارٹیوں سے لوگ مستعفی ہو کر پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہو رہے ہیں جو پارٹی پر عوامی اعتماد کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ملک بھر میں حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کر رہی ہے جبکہ اپوزیشن جماعتوں کی طرح خالی خولے نعروں پر یقین نہیں رکھتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے وبائی صورتحال کے باوجود عوام کو ریلیف دینے کی خاطر بے مثال اقدامات کئے ہیں،کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ بھی ملک بھر میں پارٹی حکومت قائم کر کے مخالفین کے منہ بند کردیں گے،سابقہ ادوار میں کرپشن کے ریکارڈ قائم کئے گئے جبکہ موجودہ حکومت نے کرپٹ عناصر کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا ہے اور ان سے پائی پائی کا حساب لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں تمام کام میرٹ کی بنیاد پر ہو رہے ہیں اور حکومت کا فوکس میرٹ کی بالادستی اور انصاف فراہمی پر ہے۔ ۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں