پشاور(آ ئی این پی)خیبرپختونخوا کے وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے کہا کہ محکمہ تعلیم میں کوالٹی ایجوکیشن اور سہولیات کی فراہم کر رہے ہیں، اب ہر کلاس میں استاد ہوگا،بہت جلد میرٹ پر مزید 23 ہزار سے زائد اساتذہ بھرتی کر رہے ہیں۔ بدھ کو انہوں نے صوبائی وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے برٹش کونسل اور ڈی سی ٹی ای کے اشتراک سے تربیت مکمل کرنے اور پورے صوبے میں پوزیشنز حاصل کرنے والے 26 سکولوں کے سربراہان، اساتذہ اور طلبہ و طالبات میں انعامات اور اسناد تقسیم کیں۔
یہ بین الاقوامی طور پر منظور شدہ سرٹیفکیٹس عرصہ تین سال تک کارآمد رہیں گے سکول لیڈر اور سربراہان نے سکول لیڈرشپ اور کنکٹنگ کلاس رومزپروگرام کے تحت لیڈرشپ، سنگل نیشنل کریکولم، کنٹنٹ اور ڈیجیٹل لٹریسی پر جدید تربیت حاصل کرکے بہترین پوزیشن حاصل کیں۔ پشاور کے مقامی ہوٹل میں انعامات دینے کیلئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خیبرپختونخوا کے وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کے حکام آنیوالے دو سالوں کے لئے ڈیٹا اکھٹا کریں،کوئی کلاس روم ٹیچر کے بغیر نہیں ہو، جس دن ٹیچر ریٹائر ہو گا اگلے دن پیرنٹس ٹیچرز کونسل کے ذریعے عارضی طور پر استاد بھرتی کریں گے،یہ ہمارا ویژن ہے ا،کابینہ سے منظوری لے کر یہ پروگرام جلد از جلد شروع کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں فخر سے کہتا ہوں کہ پچھلے آٹھ سالوں میں محکمہ تعلیم میں وہ کام ہوا اور وہ انقلابی اہداف حاصل کیے جو 70 سالوں میں نہیں ہوئے یہی عمران خان کا ویژن اور پارٹی منشور ہے۔
وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے اساتذہ کو خوشخبری دیتے ہوئے کہا کہ ان کے بنیادی مسائل ٹائم سکیل اور فور ٹائیر فارمولے کی منظوری پر کام جاری ہے اساتذہ پوری توجہ بنیادی تعلیم پر دیں بہت جلد کابینہ سے ان مطالبات کی منظوری لوں گا۔ مگر اساتذہ نے بہترین نتائج دینے ہیں۔ شہرام خان ترکئی نے سکولوں میں سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے کہا کہ سکولوں میں باقی ماندہ سہولیات کی فراہمی پر اربوں روپے خرچ کئے جاچکے ہیں۔ 6 ارب روپے کا فرنیچر خریدا جا رہا ہے جس سے 26 لاکھ سے زائد طلبہ و طالبات مستفید ہوں گے جبکہ آئی ٹی کی تعلیم کی اہمیت کو مدنظر رکھ کر سمارٹ سکو ل ایجوکیشن پروگرام شروع کردیاہے اور اب کے بعد ہر سال تین لاکھ بچوں کو ارلی چائلڈ ہڈ ایجوکیشن پروگرام کے تحت تربیت دیں گے۔ جن سکولوں میں سہولیات پوری ہیں ان کو مکمل طور پر آئی ٹی پر شفٹ کر رہے ہیں۔ وزیر تعلیم نے اساتذہ کرام اور سکول لیڈرزپر زوردیا کہ بچوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاقیات سکھائیں۔ سچ بولنے کی تبلیغ کریں اور ان کے دلوں میں انسانیت کی قدر ڈالیں۔
تقریب سے سپیشل سیکرٹری ایجوکیشن شہباز طاہر ندیم، ڈائریکٹر ڈی سی ٹی آئی گوہر خان اور برٹش کونسل کی ڈاکٹر نشاط ریاض نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پر پورے صوبے کے مختلف اضلاع سے پوزیشن حاصل کرنے والے 26سکولوں کے سربراہان کوانعامات اور سرٹیفکیٹس دیے گئے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں