سکردو میں 8گھنٹے سے کم بجلی فراہم کرنے کی صورت میں متعلقہ افسران کیخلاف کارروائی کی جائیگی،وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے خبردار کر دیا

گلگت (آئی این پی)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ بجلی بحران سابقہ حکومتوں کی نااہلی کی وجہ سے پیدا ہوا ہے، بجلی بحران پر قابو پانے کیلئے شارٹ ٹرم پالیسی کے تحت محکمہ برقیات کو تھرمل جنریٹرز کیلئے درکار وسائل فراہم کئے گئے ہیں، گلگت بلتستان ڈویلپمنٹ پیکیج میں پاور کے میگا منصوبے شامل ہیں جن کے ٹینڈر ہورہے ہیں، مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں گلگت بلتستان کیلئے پی ایس ڈی پی میں الوکیشن صرف 2ارب ہوئی تھی جبکہ آج 20 ارب کی الوکیشن ہے، شونٹر ٹنل عطاء آباد پاور پروجیکٹ، شغر تھنگ پاور پروجیکٹ، غواڑی پاور پروجیکٹ، شتونگ نالہ جسے منصوبوں کو ہماری حکومت نے ڈویلپمنٹ پیکیج میں شامل کیا اور متعلقہ فورمز سے منظور کرایا ہے۔

بدھ کو انجمن تاجران سکردو کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابقہ ادوار میں ان منصوبوں کے پی سی I تک نہیں بنائے گئے تھے۔ بلتستان کی تعمیر و ترقی کیلئے حکومت نے میگا منصوبے شروع کئے ہیں۔ سکردو میں آب پاشی او ربجلی کے منصوبوں کیلئے چیک ڈیمز بنانے پر غور کررہے ہیں۔ بجلی بحران کے مستقل حل کیلئے پاور کے میگا منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔ بلتستان کے عوام کا تعاون حاصل رہا تو سکردو کو دبئی اور سنگاپور سے بہتر بنائیں گے۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو بلتستان سے سب سے زیادہ محبت ہے۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے محکمہ برقیات بلتستان کے متعلقہ آفیسران کو ہدایت کی ہے کہ محکمے کی ڈیمانڈ پر تھرمل جنریٹر کیلئے درکار وسائل فراہم کئے ہیں لہٰذا سکردو کو کم از کم 8گھنٹے کی بجلی ہر صورت فراہم کی جائے۔ اس حوالے سے مزید نااہلی برداشت نہیں کی جائے گی۔

16تاریخ کے بعد سکردو میں 8گھنٹے سے کم بجلی فراہم کرنے کی صورت میں متعلقہ آفیسران کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔انجمن تاجران سکردونے وزیر اعظم عمران کے دورہ سکردو کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ کی عوام دوست پالیسیوں اور تعمیر و ترقی کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کی بلتستان سے محبت اور میگا منصوبوں پر ان کے مشکور ہیں۔ تاجر برادری بڑی تعداد میں وزیر اعظم کے جلسے میں شرکت کرکے ان سے محبت کا عملی ثبوت دے گی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close