پنجاب کے سالانہ بجٹ میں 85 ارب کا اضافہ ،ترقیاتی بجٹ کی کل مالیت کتنی ہو گئی؟سالانہ ترقیاتی بجٹ میں سے اب تک کتنے فنڈز ریلیز کیے جا چکے ہیں؟

لاہور (آئی این پی)پنجاب کے سالانہ بجٹ میں 85 ارب کا غیر معمولی اضافہ کرکے ڈویلپمنٹ بجٹ کو 645 ارب روپے کرنے کی منظوری دے دی گئی، پنجاب کی کابینہ اسٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ نے 22-2021 میں 85 ارب روپے کے اضافے کی منظوری دے دی، 85ارب روپے کے اضافے سے سالانہ ترقیاتی پروگرام کاحجم 645ارب روپے ہوگیا جس سے یہ پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا ڈویلپمنٹ بجٹ ہوگیاہے۔

جمعہ کو وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ سالانہ بجٹ میں 560 ارب کے ڈویلپمنٹ فنڈز رکھے گئے تھے جس میں ہم نے 85 ارب کا اضافہ کر کے ڈویلپمنٹ بجٹ کو 645 ارب روپے کرنے کی منظوری دے دی ہے، اس سال پنجاب میں تاریخ کا سب سیبڑا ترقیاتی بجٹ لگایا جا رہا ہے جو صرف ایک شہر یا ریجن کا نہیں پنجاب کے ہر علاقیکا ترقیاتی بجٹ ہے،سالانہ ترقیاتی بجٹ میں سے اب تک 42 فیصد فنڈز ریلیز کیے جا چکے ہیں، زیر تکمیل منصوبہ جات پر تیزی سے کام جاری ہے اور نئے منصوبہ جات کی بھی متعلقہ فورمز سے منظوری اور ٹینڈرنگ کے بعد ڈویلپمنٹ کا مرحلہ شروع ہو چکا ہے، ہمارا عزم پنجاب کے ہر علاقے کی یکساں ترقی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ کے سب سے بڑے ترقیاتی پروگرام کا اعزاز تحریک انصاف کی حکومت کو حاصل ہواہے، صوبے میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز ہوگی،صحت، تعلیم، انفراسٹر کچراور دیگر شعبوں کے منصوبوں کے لئے مزید فنڈز دستیاب ہوں گے، فلاح عامہ کے منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کریں گے، رواں مالی برس عوام کی سہولتوں کی فراہمی کے متعدد منصوبے مکمل ہوں گے۔

close