خانیوال ،نماز استسقا اور باران رحمت کیلئے دعا کی گئی

خانیوال(آئی این پی )زراعت ہاوس میں نماز استسقا ادا کی گئی اور باران رحمت کے لیے دعا کی گئی۔ نماز استسقا میں وزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد انجم علی، ڈاکٹر محمد اسلم، چوہدری محمد منیر، نوید عصمت کاہلوں سمیت افسران و ملازمین کی کثیر تعداد موجود تھی۔

صوبائی وزیر زراعت نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج محکمہ زراعت پنجاب کے تحت خشک سالی اور سموگ کے بڑھتے ہوئے خدشات کے پیش نظر پنجاب کے تمام ڈویژنل، ضلعی، تحصیل اور مرکز کی سطح پر نماز استسقا ادا کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ربیع کی فصلات خصوصا گندم کی فصل کی اچھی پیداوار کے حصول کے لیے اس نازک مرحلے پر بارش کی اشد ضرورت ہے۔ مزید برآں خشک سالی میں فصلوں کی پانی کی ضروریات صرف باران رحمت سے ہی پوری ہوسکتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ باران رحمت کی بدولت فضائی آلودگی میں کمی سمیت انسانی و حیوانی صحت، نقل و حمل اور فصلوں کی نشوونما کے دوران درپیش مسائل میں کمی واقع ہو گی۔۔۔۔

close