جمعیت علمائے اسلام نے میئر پشاور کے نامزد امیدوار کی کامیابی کیلئے انتخابی مہم تیز کردی

پشاور(آئی این پی) جمعیت علمائے اسلام سے میئر پشاور کے نامزد امیدوار حاجی زبیر علی کی کامیابی کیلئے انتخابی مہم کا سلسلہ تیز کردیا گیا جس کے تحت مختلف علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر کارنر میٹنگز کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے اس سلسلے میں گزشتہ روز جامعہ ختم نبوت مین روڈ غریب آباد تہکال بالا میں سابق صوبائی وزیر مولانا امان اللہ حقانی کی زیر صدارت اجلاس کا انعقاد کیا گیا

جس میں جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی رہنماء و سابق امیدوار پی کے 75ارباب فاروق جان، عطاء اللہ خان مومن، مولانا محمد افضل، مولانا شبیر احمد، نذر محمد، مولانا راحت علی حقانی اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاء نے جمعیت علمائے اسلام سے میئر پشاور کے نامزد امیدوار حاجی زبیر علی کو کامیاب کرانے کے لئے گھر گھر جا کر جماعت کا پیغام پہنچانے کا عہد کیا اور کہا کہ حاجی زبیر علی کی کامیابی ہر صورت میں یقینی بنایا جائے گا۔

اس موقع پر جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی رہنماء و سابق امیدوار پی کے 75ارباب فاروق جان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے عوام کو مایوسی کے سواء کچھ نہیں دیا ہے اور موجودہ دور حکومت میں سابقہ ادوار کے مقابلے میں مہنگائی‘ بیروزگاری اور مسائل میں تین سو سے چار سو فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اشیائے خوردونوش‘ پیٹرول‘ سی این جی‘ دوائیوں اور دیگر ضروری اشیاء کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں جو غریب عوام کی پہنچ سے دور ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نااہل و سلیکٹڈ حکومت میں اس شدید سردی کے موسم میں بجلی و گیس میسر نہیں ہیں جس کے باعث امور خانہ داری بری طرح متاثر ہو رہے ہیں جبکہ کاروبار بھی ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ وقت میں جمعیت علمائے اسلام عوام کے پاس ایک بہترین آپشن ہے عوام بڑی تعداد میں جمعیت علمائے اسلام میں شامل ہو رہے ہیں عوام آئندہ بلدیاتی انتخابات میں جمعیت علمائے اسلام کو کامیاب کر کے اپنا مستقبل بہتر بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام خالی خولے نعروں پر نہیں بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے جبکہ عوامی خدمت کو اپنا فرض سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام اس وقت ملک بھر میں حقیقی معنوں میں اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے اور ہر فورم پر حکومت کے عوام دشمن اقدامات کے خلاف آواز اٹھا رہی ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close