مختلف محکموں میں فوت شدہ ملازمین کے کوٹے سے تحت 236 ملازمتوں کی منظوری دیدی گئی

کراچی(آئی این پی)سندھ حکومت نے مختلف محکموں میں فوتی کوٹے کے تحت 236 ملازمتوں کی منظوری دے دی ہے جس سے اب تک اسی کوٹے میں منظور شدہ ملازمتوں کی تعداد 7 ہزار 013 ہو گئی۔ چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ کی زیر صدارت فوتی کوٹا پر عملدرآمد کے متعلق اجلاس بدھ کوسندھ سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا جس میں مختلف محکموں میں وفات پا جانے والے ملازمین کے بچوں کو نوکری دینے کی منظوری دی گئی ہے۔

مذکورہ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ اور سینیئر ممبر بورڈ آف ریونیو سمیت مختلف محکموں کے سیکریٹریز شریک تھے۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری سید ممتاز شاہ نے بتایا کہ اب تک فوتی کوٹا عملدرآمد پر 7013 ملازمتوں کی منظوری دی گئی ہے۔دورانِ اجلاس چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ موجودہ اجلاس کے ذریعے مختلف محکموں میں 236 ملازمتوں کی منظوری دی جا رہی ہے جس میں محکمہ صحت 19، ریونیو 11،بلدیات 31، اسکول ایجوکیشن 74, ورکس سروسز میں 4، محکمہ ایکسائز میں 2، خوراک 1، کالج ایجوکیشن 15، قانون 2، آبپاشی میں 45، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ 3، کو آپریٹو 2، محکمہ محنت 2، سروس جنرل ایڈمنسٹریشن میں 9 اور محکمہ زراعت میں 12 ملازمتیں منظور ہوئیں۔ سید ممتاز شاہ نے تمام سیکریٹریز کو فوتی کوٹا درخواستوں کو جلد مکمل کرنے اور کمیٹی کے گزشتہ منظور شدہ کیسز کی تنخواہیں جاری کرنے کی ہدایت کی۔

چیف سیکریٹری سندھ نے تمام ضلعی ڈپٹی کمشنر کو ڈی آر سی اجلاس بلانے کی بھی ہدایت کردی۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ نے سیکریٹری محکمہ قانون کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نوکری کے دوران انتقال کرنے والے ملازمین کے کم عمر بچوں کی نوکری کے لیے پیچیدگی کو قانونی طریقے سے آسان بنایا جائے۔فوتی ملازمین کے کم عمر بچوں کی عمر 18 سال ہونے پر ان کی درخواستوں اور دیگر اہلیت کے مطابق نوکریاں دی جائیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں