بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال میں آوارہ کتوں کے گھومنے کی ویڈیو وائرل ہو گئی

کوئٹہ (آئی این پی) میڈیکل سپرنٹنڈنٹ بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال ڈاکٹر نوراللہ موسی خیل بی ایم سی میں آوارہ کتوں کے گھومنے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد واقعہ نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کے لئے3رکنی کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے ہسپتال کے نائٹ آر ایم ایس سے جواب طلبی اور سیکورٹی انچارج کو شوکاز نوٹس جاری کردیا اور چیف میٹروپولیٹن کارپوریشن کو ہسپتال اور گرد ونواح میں آوارہ کتوں کو تلف کرنے کے لئے درخواست لکھ دی۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بولان میڈیکل میں آوارہ کتوں کے گھومنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نوراللہ موسی خیل نے تحقیقات کے لئے ڈاکٹر رشید جمالی کی سربراہی میں 3رکنی کمیٹی تشکیل دیدی جو 12گھنٹے میں رپورٹ جمع کرائے گی۔ اس سلسلے میں ایم ایس نے نائٹ شفٹ آر ایم او ڈاکٹر خالط جاوید کو ایکسپلینیشن لیٹر جاری کردیا جس میں لکھا گیا ہے کہ ہسپتال کے اندرونی احاطے میں آوارہ کتوں کے گشت کی ویڈیو دیکھی گئی ہے

جس کے باعث ہسپتال کی بدنامی ہوئی ہے جبکہ ہسپتال کے احاطے میں آوارہ کتوں کا گھومنا انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، چونکہ رات کے اوقات میں ہسپتال کے امور دیکھنا آپ کی ذمہ داری ہے اس لئے ویڈیو کی حقیقت سے متعلق آپ تحریری جواب دیں۔ دریں اثنا ہسپتال میں آوارہ کتوں کے گھومنے کی ویڈیو کے بعد ہسپتال کے سیکورٹی انچارج کو شوکاز نوٹس بھی جاری کردیا گیا، جس میں سیکورٹی انچارج کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ آپ کی لاپرواہی کی وجہ سے ہسپتال کی بدنامی ہوئی ہے اور ویڈیو سے ظاہر ہے کہ ہسپتال میں کوئی بھی آکر مجرمانہ حرکت بھی کرسکتا ہے، بی ایم سی میں صوبے بھر کے مریض آتے ہیں اس لئے ہسپتال کی سیکورٹی 24گھنٹے ہائی الرٹ رہنی چاہیے۔

شوکاز نوٹس میں لکھا گیا ہے کہ آپ کی عدم دلچسپی، غفلت اور لاپرواہی کی وجوہات کا جواب تحریری طور پر جمع کرائیں۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر نوراللہ موسی خیل نے چیف میٹروپولیٹن کارپوریشن کے نام خط لکھا جس میں بی ایم سی کے اطراف میں آوارہ کتوں کو تلفی کرنے کی درخواست کی گئی اور لکھا گیا ہے کہ بی ایم سی ہسپتال کوئٹہ اور اس کے اطراف میں آوارہ کتوں کے غول گھومتے پھرتے ہیں جس کے باعث ہسپتال میں آنے والے مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ دوسری جانب ہسپتال اور آس پاس میں کتا مار مہم شرو ع کردی گئی ہے اور بڑی تعداد میں کتوں کو تلف کردیا گیا۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں