سونے کی عالمی اور مقامی مارکیٹ میں قیمت میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی صرافہ مارکیٹ میں فی تولہ سونا 2 ہزار 100 روپے سستا ہوگیا، جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 4 لاکھ 50 ہزار 936 روپے پر آگئی۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 1 ہزار 800 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد 10 گرام سونا 3 لاکھ 86 ہزار 604 روپے کا ہوگیا۔
اس کے علاوہ فی تولہ چاندی 60 روپے کمی کے بعد 6 ہزار 903 روپے کی ہوگئی، جبکہ دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں سونا 21 ڈالر سستا ہوکر 4 ہزار 284 ڈالر فی اونس پر آگیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز عالمی مارکیٹ میں سونا 47 ڈالر مہنگا ہوکر 4 ہزار 305 ڈالر فی اونس پر پہنچ گیا تھا، جبکہ مقامی صرافہ مارکیٹ میں فی تولہ سونا 4 ہزار 700 روپے مہنگا ہونے کے بعد 4 لاکھ 53 ہزار 36 روپے پر پہنچ گیا تھا۔
سونے کی قیمتوں پر کون سے عوامل اثر انداز ہوتے ہیں؟
عالمی اور ملکی سطح پر مختلف عوامل سونے کی قیمتوں پر اثرانداز ہوتے ہیں، جن میں امریکی ڈالر کی قدر میں تبدیلی، عالمی معاشی صورتحال میں غیر یقینی، جغرافیائی کشیدگی اور سرمایہ کاروں کا رجحان شامل ہیں۔
عالمی سطح پر معاشی اور سیاسی غیر یقینی کے دوران سرمایہ کار سونے کو محفوظ سرمایہ کاری سمجھتے ہیں۔ ایسے حالات میں سونے کی طلب بڑھنے سے عالمی سطح پر اس کی قیمت میں اضافہ ہوسکتا ہے، جبکہ غیر یقینی صورتحال میں کمی قیمتوں پر دباؤ ڈال سکتی ہے۔
پاکستان میں عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے علاوہ روپے اور امریکی ڈالر کے شرح تبادلہ کا بھی مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے تعین میں اہم کردار ہوتا ہے۔






