عظمیٰ بخاری کا پی ٹی آئی کا مارچ ملتوی ہونے پر مزاحیہ تبصرہ

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پی ٹی آئی کا مارچ ملتوی ہونے پر ایکس پر مزاحیہ تبصرہ شیئر کردیا۔

عظمیٰ بخاری نے ایکس پر تین مزاحیہ پوسٹرز شیئر کیے، پہلے پوسٹر پر لکھا تھا کہ ’’انتشار مارچ ملتوی، اسلام آباد نے سکھ کا سانس لیا اور مارچ نے اگلی تاریخ تک سکھ کا سانس لیا۔‘‘

دوسرے پوسٹر پر وزیر اطلاعات کی جانب سے لکھا گیا تھا، ’’اسلام آباد آرہے ہو؟‘‘ انتشار مارچ کی جانب سے جواب دیا گیا، ’’نہیں، ابھی نہیں۔‘‘ جس پر اسلام آباد جواباً کہتا ہے، ’’اچھا، میں بھی آرام کرلیتا ہوں۔‘‘

تیسرے پوسٹر میں سہیل آفریدی کارکنوں سے پوچھتے دکھائی دیتے ہیں، ’’آزادی یا موت؟‘‘ جس پر پی ٹی آئی کارکن جواب دیتے ہیں، ’’تو رین دے بھائی۔‘‘ تینوں پوسٹرز میں سہیل آفریدی افسردہ دکھائی دے رہے ہیں۔

علاوہ ازیں عظمیٰ بخاری نے ایک بیان میں کہا کہ خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کے سنگین واقعات ہورہے ہیں، لیکن وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی توجہ امن و امان کے بجائے سیاسی سرگرمیوں پر مرکوز ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوہاٹ میں دہشتگردی کے واقعے پر کسی صوبائی عہدیدار کا نماز جنازہ میں شرکت نہ کرنا انتہائی افسوسناک ہے۔