چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان کے سب سے بڑے دفاعی صنعتی کمپلیکس پاکستان آرڈننس فیکٹری (پی او ایف) واہ کا دورہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران پی او ایف کی پیداواری صلاحیت، برآمدی استعداد اور ملکی دفاعی صنعتی بنیاد کو مضبوط بنانے میں اس کے کردار کا جائزہ لیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کو پی او ایف کے مختلف امور اور آپریشنز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کو بتایا گیا کہ پی او ایف میں مقامی سطح پر جدید اسلحہ اور گولہ بارود تیار کیا جا رہا ہے، جبکہ پی او ایف ملکی دفاعی صنعتی بنیاد کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مقامی سطح پر ڈیزائن اور تیار کیے گئے ہتھیاروں کا مشاہدہ کیا اور افسران و ورک فورس کی لگن اور بلند حوصلے کو سراہا۔
اس کے علاوہ فیلڈ مارشل کو ڈیفنس انڈسٹری پروڈکشن ریگولیشن ایکٹ آرڈیننس کے نفاذ کے بعد پی او ایف کی کارپوریٹائزیشن کے عمل میں ہونے والی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
دفاعی پیداوار میں خود انحصاری کے فروغ اور استعدادِ کار میں اضافے کے لیے جاری کوششوں کے بارے میں بھی فیلڈ مارشل کو بریفنگ دی گئی۔ انہیں بتایا گیا کہ پی او ایف میں دو نئے صنعتی پلانٹس کی تنصیب جاری ہے، جن سے رواں سال کے اختتام تک پیداوار شروع ہوجائے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران دفاعی شعبے میں خود انحصاری، مقامی پیداوار اور تکنیکی جدت کے فروغ کے لیے عسکری قیادت کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔






