ن لیگی حکومت نہیں چلنے دیں گے، پیپلزپارٹی کا فیصلہ

پاکستان پیپلزپارٹی نے آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت سازی کے خلاف عدلیہ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس فریال تالپور کی زیرِ صدارت زرداری ہاؤس میں ہوا، جس میں آزاد کشمیر میں حکومت سازی اور انتخابات سے متعلق اہم امور پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت سازی روکنے کے لیے ہائی کورٹ سے رجوع کیا جائے گا اور حکمِ امتناعی حاصل کرنے کی درخواست دائر کی جائے گی۔ پیپلزپارٹی کی قانونی ٹیم کو آزاد کشمیر ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کرنے کی ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں۔

پیپلزپارٹی کے ارکان نے کوٹلی کے 3 اور مظفرآباد کے 2 حلقوں میں دوبارہ انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا۔ ارکان کا مؤقف تھا کہ ان دونوں اضلاع میں انتخابات مکمل کیے بغیر آزاد کشمیر میں حکومت سازی آئینی تقاضوں کے مطابق نہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شریک نہ ہوسکے، جبکہ نومنتخب ارکانِ قانون ساز اسمبلی سردار یعقوب، ظفر اقبال ملک اور ماجد خان اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس میں آزاد کشمیر کے انتخابات سے متعلق قرارداد بھی متفقہ طور پر منظور کی گئی، جس میں کہا گیا کہ وادی میں قیامِ امن کے لیے شفاف، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات ناگزیر ہیں۔