پی ٹی آئی رہنماؤں کو عدالت سسے بڑا ریلیف مل گیا

9 مئی کے مقدمات: پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں میں 5 ستمبر تک توسیع

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالتوں نے 9 مئی کے واقعات، جناح ہاؤس، عسکری ٹاور، مسلم لیگ ن کے دفتر کو جلانے اور دیگر مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے متعدد رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں میں 5 ستمبر تک توسیع کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما مسرت جمشید چیمہ اور جمشید اقبال چیمہ اپنی عبوری ضمانتوں کی مدت ختم ہونے پر عدالت میں پیش ہوئے۔ دونوں رہنماؤں نے مختلف مقدمات میں عبوری ضمانتیں حاصل کر رکھی ہیں۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کیس کی سماعت کی، جس کے دوران عدالت نے مسرت جمشید چیمہ کی تفتیش مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے دونوں رہنماؤں کی عبوری ضمانت میں 5 ستمبر تک توسیع کر دی۔

مسرت جمشید چیمہ نے 8 مقدمات جبکہ جمشید اقبال چیمہ نے 4 مقدمات میں عبوری ضمانت دائر کر رکھی ہے۔

دوسری جانب سابق وفاقی وزیر فواد چودھری بھی مسلم لیگ ن کے دفتر جلانے سمیت دیگر مقدمات میں عبوری ضمانت کی مدت ختم ہونے پر انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے فواد چودھری کی عبوری ضمانت میں بھی 5 ستمبر تک توسیع کر دی۔

اسی طرح پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی بھی مسلم لیگ ن کے دفتر کو آگ لگانے، کلمہ چوک میں کنٹینر جلانے سمیت 6 مقدمات میں عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران مسرت جمشید چیمہ، جمشید اقبال چیمہ، امتیاز محمود شیخ سمیت دیگر ملزمان بھی عدالت میں موجود تھے۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ملک عابد حسین نے مختلف مقدمات کی سماعت کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں میں 5 ستمبر تک توسیع کر دی، جبکہ آئندہ سماعت پر ملزمان کے وکلا سے ضمانتوں پر دلائل طلب کر لیے گئے۔ ملزمان کے وکلا نے دلائل کے لیے مزید مہلت کی درخواست کی، جسے عدالت نے منظور کر لیا۔

عدالت نے علیمہ خان، عظمیٰ خان، اسد عمر اور فواد چودھری کی عبوری ضمانت کی درخواستیں بھی انتظار میں رکھ لیں۔

مزید برآں 9 مئی کو مسلم لیگ ن کے دفتر جلانے سمیت دیگر مقدمات میں عدالت نے علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی عبوری ضمانتوں میں بھی 5 ستمبر تک توسیع کر دی۔ عظمیٰ خان حاضری کے لیے عدالت میں پیش ہوئیں، جبکہ علیمہ خان کی جانب سے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی، جسے عدالت نے منظور کر لیا۔

عدالت نے تمام مقدمات میں آئندہ سماعت پر ملزمان کے وکلا سے ضمانتوں کے حوالے سے تفصیلی دلائل طلب کر لیے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close