عبدالستار ایدھی کی دسویں برسی، صدر، وزیراعظم اور اسپیکر قومی اسمبلی کا خراجِ عقیدت
ملک بھر میں معروف سماجی کارکن اور انسان دوست شخصیت عبدالستار ایدھی کی دسویں برسی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اپنے الگ الگ پیغامات میں انہیں شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی فلاحی خدمات کو سراہا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ عبدالستار ایدھی کی زندگی خدمتِ خلق، ہمدردی اور انسانیت کی روشن مثال تھی۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی غریب، نادار اور بے سہارا افراد کی خدمت کے لیے وقف کر دی۔ صدر نے کہا کہ ایدھی کی انسان دوستی مذہب، نسل اور عقیدے کی تمام سرحدوں سے بالاتر تھی، جبکہ دنیا کا سب سے بڑا رضاکارانہ ایمبولینس نیٹ ورک قائم کرنا ان کا ایک عظیم کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایدھی کے قائم کردہ فلاحی ادارے آج بھی لاکھوں افراد کی خدمت کر رہے ہیں اور وہ ہمیشہ قومی فخر اور انسانیت کی لازوال علامت رہیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی عبدالستار ایدھی کی دسویں برسی پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایدھی جیسی انسان دوست شخصیت قوم کے لیے باعثِ فخر اور ایک قیمتی قومی اثاثہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عبدالستار ایدھی کی قومی اور فلاحی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، کیونکہ انہوں نے اپنے عمل سے ثابت کیا کہ ہر فرد معاشرے کی بہتری اور اصلاح میں مؤثر کردار ادا کر سکتا ہے۔ وزیراعظم کے مطابق ایدھی کی بے مثال خدمات پاکستان کی سماجی تاریخ کا اہم باب ہیں اور ان کی شخصیت نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ اور قابلِ تقلید نمونہ ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اپنے پیغام میں کہا کہ عبدالستار ایدھی ایثار، ہمدردی اور خدمتِ خلق کی لازوال علامت تھے، جنہوں نے بے لوث انداز میں انسانیت کی خدمت کو اپنی زندگی کا مقصد بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ایدھی کی فلاحی خدمات ہمیشہ قوم کے دلوں میں زندہ رہیں گی اور ان کے مشنِ خدمت کو آگے بڑھانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
قومی رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ عبدالستار ایدھی کی انسان دوستی، ایثار اور خدمتِ خلق کے جذبے کو زندہ رکھنا ہی ان کے لیے حقیقی خراجِ عقیدت ہوگا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






