زیارت میں دہشت گردوں کیخلاف کلیئرنس آپریشن مکمل ، 15 دہشت گرد جہنم واصل

مانگی ڈیم کے علاقے میں کلیئرنس آپریشن کے دوران پندرہ دہشت گرد جہنم واصل ہوگئے، معاون وزیراعلیٰ بلوچستان شاہد رند کا کہنا تھا کہ شہید ہونے والے اہلکاروں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع زیارت میں مانگی ڈیم کے علاقے میں سیکیورٹی اداروں نے کلیئرنس آپریشن مکمل کرلیا ، جس کے دوران 15 دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔

معاون وزیراعلیٰ بلوچستان شاہد رند نے آپریشن کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ، فرنٹیئر کونسٹیبلری اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے انٹیلی جنس معلومات پر مانگی ڈیم اور زیارت کے اطراف کے علاقوں میں مشترکہ کلیئرنس آپریشن کیا۔ سیکیورٹی فورسز نے فرار ہونے کی کوشش کرنے والے دہشت گردوں کا تعاقب کر کے 15 فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔

شاہد رند نے سیکیورٹی اداروں کی کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا دہشت گردوں کو امن سے کھیلنے کی بھاری قیمت چکانا پڑی ہے۔

معاون وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کو ریاست پوری قوت سے جواب دے گی اور ہر حملے کا بھرپور و فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے والے عناصر کو ان کے انجام تک پہنچایا جائے گا اور صوبے میں دہشت گردوں کے لیے کوئی محفوظ پناہ گاہ نہیں چھوڑیں گے۔

شاہد رند نے کہا کہ زیارت میں شہید ہونے والے اہلکاروں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی اور ملک دشمن عناصر سے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔

معاون وزیراعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔ بلوچستان کے امن، استحکام اور عوام کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور صوبے سے دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close