جسٹس منیب اختر نےقائم مقام چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان کا حلف اٹھا لیا، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کے بیرون ملک قیام کے باعث قائم مقام چیف جسٹس کا تقرر کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان کے سینئر ترین جج جسٹس منیب اختر کے بطور قائم مقام چیف جسٹس پاکستان کی حلف برداری کی پروقار تقریب سپریم کورٹ کی برانچ رجسٹری کراچی میں منعقد ہوئی۔
تقریب میں جسٹس منیب اختر نے قائم مقام چیف جسٹس پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھایا، سندھ ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس محمد شفیع صدیقی نےان سے حلف لیا۔
سپریم کورٹ کے اعلامیے میں کہا گیا کہ یہ تقرر چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کے بیرون ملک قیام کے باعث عمل میں لایا گیا ہے اور وہ ان کی عدم موجودگی تک بطور قائم مقام چیف جسٹس اپنے فرائض انجام دیں گے۔
تقریب میں سپریم کورٹ اور وفاقی آئینی عدالت کے معزز ججز، رجسٹری کے افسران، رجسٹرار اور قانونی برادری سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






