پاکستان رینجرز سندھ نے خفیہ اطلاع پر کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے ایک مطلوب دہشت گرد کو گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت جاوید خان عرف سواتی کے نام سے ہوئی ہے، جو ضلع سوات کے علاقے شکردرہ کا رہائشی ہے۔
حکام کے مطابق ملزم کا تعلق کالعدم دہشت گرد کمانڈر فضل اللہ گروپ سے ہے اور وہ دہشت گردی کی متعدد سنگین کارروائیوں میں مطلوب تھا۔
رینجرز کے مطابق جاوید خان عرف سواتی نے سال 2007 میں فتنہ الخوارج میں شمولیت اختیار کی اور بعد ازاں مختلف دہشت گرد سرگرمیوں میں فعال کردار ادا کرتا رہا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم متعدد اسکولوں، پولیس چوکیوں اور سرکاری تنصیبات پر حملوں میں ملوث رہا ہے، جبکہ اس پر سرکاری اسلحہ لوٹنے اور مختلف جائیدادوں پر غیر قانونی قبضوں کے الزامات بھی ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ سال 2008 میں سوات میں ہونے والے فوجی آپریشن کے دوران ملزم مینگورہ میں روپوش رہا اور بعد ازاں ملک سے فرار ہو کر بیرونِ ملک چلا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق جاوید خان سال 2022 میں دوبارہ پاکستان واپس آیا اور دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ایک بار پھر متحرک ہوگیا۔
رینجرز حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گرد سے مزید تفتیش مکمل کرنے کے بعد اسے قانونی کارروائی کے لیے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) سوات کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
سیکیورٹی اداروں کے مطابق دہشت گردی کے خاتمے اور ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی، جبکہ گرفتار ملزم سے حاصل ہونے والی معلومات کی روشنی میں مزید کارروائیوں کا بھی امکان ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






