اسلام آباد ٹریفک پولیس نے غیر ملکی وفود کی نقل و حرکت اور سیکیورٹی اقدامات کے پیشِ نظر ہفتہ 11 اپریل اور اتوار 12 اپریل 2026کے لیے نئی ٹریفک ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سفر کے آغاز سے قبل متبادل راستوں کا انتخاب کریں تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔
ایڈوائزری کے مطابق زیرو پوائنٹ سے فیصل ایونیو، کورال چوک اور ایکسپریس وے جانے والی ٹریفک مکمل طور پر بند رہے گی۔ جی ٹی روڈ سے راولپنڈی آنے اور جانے والے مسافروں کو چکری، موٹر وے اور چک بیلی روڈ استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ اسی طرح پشاور روڈ سے آنے والے شہری ٹیکسلا موٹر وے اور ترنول پھاٹک کا راستہ اختیار کر سکتے ہیں۔ اسلام آباد کے اندرونی علاقوں جی-6، جی-5 اور ایف-6 سے راولپنڈی جانے والوں کے لیے نائنتھ ایونیو کھلا رہے گا، جبکہ بارہ کہو کے رہائشیوں کو کورنگ روڈ استعمال کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
ایئرپورٹ کی جانب جانے والے مسافروں کے لیے خصوصی ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ ایچ-11 اور اسلام آباد ایئرپورٹ جانے کے لیے چکری روڈ کا راستہ استعمال کریں۔ ٹریفک پولیس کے مطابق سری نگر ہائی وے سے فیض آباد جانے والی ٹریفک نائنتھ ایونیو سگنل سے اسٹیڈیم روڈ کی جانب موڑ دی جائے گی۔
اس کے علاوہ ریڈ زون آنے اور جانے والے راستے مکمل طور پر بند رہیں گے جبکہ اسلام آباد میں ہیوی ٹریفک کا داخلہ مکمل بند ہوگا۔
شہریوں سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ اس دوران پولیس کے ساتھ تعاون کریں، ٹریفک پلان پر عمل کریں اور کسی بھی پریشانی سے بچنے کیلئے پیشگی منصوبہ بندی کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





