وزیراعظم الیکٹرک موٹر سائیکل اسکیم کے تحت سستی الیکٹرک موٹر سائیکلیں اور رکشے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حماد منصور نے حکومت کی ای وی اسکیم میں الیکٹرک موٹر سائیکل اور رکشوں پر دی جانے والی سبسڈی کی تفصیلات بتائی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکٹرک موٹر سائیکل اسکیم کے لیے آئندہ 5 سال میں 100 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ رواں مالی سال کے لیے 9 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ اس اسکیم کے تحت رواں سال ایک لاکھ 16 ہزار موٹر سائیکلوں پر فی موٹر سائیکل 80 ہزار روپے سبسڈی دی جائے گی۔ الیکٹرک رکشے پر فی یونٹ 4 لاکھ روپے سبسڈی فراہم کی جائے گی۔
حماد منصور کے مطابق وزیراعظم ای وی بائیکس کی قیمت دیگر برانڈز کے مقابلے میں 50 سے 60 ہزار روپے کم رکھی گئی ہے اور جون تک 76 ہزار موٹر سائیکلیں فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اسکیم سے صرف 18 سال سے زائد عمر کے افراد مستفید ہو سکتے ہیں جن کے پاس ڈرائیونگ لائسنس ہونا ضروری ہے۔ مزید بتایا گیا کہ یہ اسکیم مکمل طور پر خودکار اور شفاف نظام کے تحت چلائی جا رہی ہے۔ الیکٹرک موٹر سائیکل کے استعمال سے ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور ماہانہ تقریباً 8 ہزار روپے تک ایندھن کی بچت ممکن ہوگی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






