وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تباہ کن خودکش دھماکے کے بعد امریکا نے پاکستان کے لیے نیا سکیورٹی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ نے حملے کے تناظر میں سکیورٹی ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے پاکستان میں موجود اور پاکستان کا سفر کرنے والے امریکی شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق امریکی شہری عوامی اجتماعات میں شرکت سے اجتناب کریں اور اپنی ذاتی سکیورٹی منصوبہ بندی کا ازسرِنو جائزہ لیں۔ سکیورٹی ایڈوائزری میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ امریکی شہری مقامی میڈیا کے ذریعے سکیورٹی صورتحال سے متعلق تازہ ترین معلومات پر مسلسل نظر رکھیں۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنا نہایت ضروری ہے، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ حکام سے فوری رابطے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل اسلام آباد کے نواحی علاقے ترلائی کلاں میں نمازِ جمعہ کے دوران ہونے والے خودکش حملے میں 33 افراد شہید جبکہ 150 سے زائد افراد زخمی ہو گئے تھے، جس کے بعد شہر میں سکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






