سولر پینلز پر ٹیکس کی خبروں پر بالآخر وفاقی حکومت کا ردعمل بھی آگیا

اسلام آباد(پی این آئی) سولر پینلز پر ٹیکس کی خبر پر وضاحت دیتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ’’سولرپینلز پر ٹیکس لگانے کی کوئی تجویز زیرغور نہیں ہے اور نہ ہی مستقبل قریب میں حکومت کا ایسا کوئی ارادہ ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) یا توانائی ڈویژن کی طرف سے سولر پینلز پر ٹیکس عائد کرنے کی کوئی سمری وزارت بجلی کو نہیں بھیجی گئی۔اپنے ایکس اکائونٹ پر جاری کیے گئے بیان میں وزیردفاع نے مزید کہا ہے کہ ’’سولر پینلز پر ٹیکس لگانا سی پی پی اے یا توانائی ڈویژن کا مینڈیٹ ہی نہیں ہے۔ یہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کا کام ہے۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ نیٹ میٹرنگ کا نظام بھی ٹھیک کام نہیں کر رہا۔ لہٰذا اب اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ ایسے صارفین کے ساتھ زیادتی نہ ہو۔ اپنی پوسٹ کے آخر میں انہوں نے لوگوں سے درخواست کی کہ ’’برائے مہربانی عوامی مسائل پر پوسٹ کرنے سے پہلے حقائق معلوم کر لیا کریں۔‘‘

close