پی آئی اے کی نجکاری سے متعلق اہم خبر آگئی

اسلام آباد(پی این آئی) وفاقی وزیر برائے پٹرولیم مصدق ملک نے پی آئی اے کی نجکاری جون تک کرنے کا عندیہ دیدیا، نقصان میں چلنے والے ادارے کا مزید بوجھ نہیں اٹھا سکتے، خسارے میں چلنے والے اداروں کی نجکاری ہوگی۔

 

 

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی نجکاری جون تک ہو جائے گی جس کیلئے قانون سازی ہو چکی ہے۔ ہولڈنگ کمپنی کو تشکیل دے دیا گیا ہے جبکہ جون تک پی آئی اے کی ایئرلائن کمپنی کے طور پر نجکاری ہوجائے گی۔پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے پیپلزپارٹی کے ساتھ اختلافات کے حوالے سے مصدق ملک نے کہا کہ پیپلزپارٹی میں کافی سمجھدار لوگ ہیں جب ہم ان کے ساتھ مل کر بیٹھیں گے اور انہیں اصل صورتحال بتائیں گے تو ضرورکوئی نہ کوئی راستہ نکل آئیگااور معاملہ افہام و تفہیم اور ڈائیلاگ سے حل کرلیا جائیگا۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا تھا کہ پی آئی اے کی نجکاری جون تک مکمل کرنا چاہتے ہیں، نجکاری بروقت نہیں کی گئی تو مسلسل نقصانات ہوتے رہیں گے۔ گزشتہ سال جون تک پی آئی اے پر 785 ارب روپے (2.81 ارب ڈالر) کے واجبات تھے اور 713 ارب روپے کا نقصان ہوا تھا۔

 

 

قبل ازیں سندھ ہائی کورٹ نے پی آئی اے کی ممکنہ نجکاری کے خلاف دائر درخواست پر وفاقی حکومت، سول ایوی ایشن، پی آئی اے، وزرات نجکاری کمیشن اور دیگر کو 3 اپریل تک کیلئے نوٹس جاری کئے تھے۔ نومنتخب حکومت جلد از جلد پی آئی اے سمیت مختلف اداروں کی نجکاری کیلئے پرعزم ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ سال نگران حکومت نے 12 اکتوبر کو پی آئی اے کی نجکاری کرنے کی منظوری دی تھی۔ گزشتہ کئی سالوں سے مختلف حکومتیں خسارے میں چلنے والے اداروں بالخصوص پی آئی اے کی نجکاری کی منصوبہ بندی اور کوششیں جاری رکھے ہوئی ہیںتاہم اب تک پی آئی اے کی نجکاری کا عمل مکمل نہیں ہوسکا ہے۔پی آئی اے کی نجکاری کا فیصلہ گزشتہ سال جون میں آئی ایم ایف معاہدے پر دستخط کے چند ہفتے بعد ہی کرلیا تھا۔

close