مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی سے بات چیت سے متعلق پی ٹی آئی کا بڑا اعلان

اسلام آباد ( پی این آئی) پی ٹی آئی کے وزیراعظم کے امیدوار اور سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نے ہمارا مینڈیٹ چرایا ہے ان سے بات نہیں ہوگی۔

بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر سیاسی جماعتوں سے رابطہ کررہے ہیں، سیاسی جماعتوں سے ووٹ مانگنا ہمارا حق ہے، مولانا فضل الرحمان سے اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور وزیراعظم کیلئے ووٹ مانگا۔ میڈیا کے مطابق سابق اسپیکراسد قیصر اور عمر ایوب سمیت پی ٹی آئی وفد سربراہ جے یو آئی ف سے ووٹ مانگنے ان کے گھر پہنچ گیا، مولانا فضل الرحمان سے ملاقات میں پی ٹی آئی وفد نے اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر ، وزیراعظم کے اپنے امیدواروں کیلئے ووٹ مانگا اور آئندہ مل کر چلنے پر بھی بات چیت کی۔ سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی عمر ایوب نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر سیاسی جماعتوں سے رابطہ کررہے ہیں،مسلم لیگ ن نے ہمارا مینڈیٹ چرایا ہے ان سے بات نہیں ہوگی،ہمارا مئوقف واضح ہے پیپلزپارٹی بھی مینڈیٹ چوری میں حصہ دار ہے، ووٹ مانگنا ہمارا کام ہے، مولانا فضل الرحمان سے ووٹ مانگنے آئے ہیں، مولانا فضل الرحمان سے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر اور وزیراعظم کیلئے ووٹ مانگا۔

پی ٹی آئی رہنماء سابق اسپیکراسد قیصر نے کہا کہ عوام کا حق ہے وہ جس کو چاہے مینڈیٹ دے، پاکستان کی تاریخ کے بدترین الیکشن ہوئے، آج جن لوگوں نے حلف اٹھایا ہے ان کو پتا ہے کہ وہ منتخب نہیں ہوئے، پی ٹی آئی نے مولانا فضل الرحمان سے صرف ووٹ کی بات نہیں کی، مولانا فضل الرحمان سے سول بالادستی قائم کرنے کی بھی بات ہوئی ہے، ہم پارلیمنٹ میں سول بالادستی کیلئے اکٹھے چلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے بات چیت مثبت رہی ہے، ہم سب کو پتا ہے دھاندلی کس نے کرائی ہے، مولانا فضل الرحمان اور ہمارا مئوقف ایک ہے کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی ہے، نئے جعلی فارم 45 بنائے جارہے ہیں، اس حکومت کا کوئی قانونی جواز نہیں ہے، ملک میں آئین کی بالادستی نہ ہوئی تو آگے نہیں بڑھ سکتے ، ہم ایک نکاتی ایجنڈے پر ملک گیر الائنس بنانا چاہتے ہیں، سیاسی جماعتوں سے بھی ون پوائنٹ ایجنڈے پر بات کریں گے۔

close