اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی سوچ اگر جمہوری ہوتی تو وہ ن لیگ کے ساتھ مک مکا کی مہم چلانے کے بجائے پی ٹی آئی کا مینڈیٹ تسلیم کرتے۔
بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان کا کہنا تھا کہ انتخابات میں عوام کی جانب سے مسترد کیے جانے کے بعد پی ڈی ایم کے کل پرزوں نے عوام کو دھوکہ دینے کے لیے نئے ناٹک کا آغاز کر دیا ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ ’عوامی مینڈیٹ کو تسلیم کرنے کے حوالے سے زرداری کے فرزند کی جماعت سیاہ تاریخ کی حامل ہے۔‘’عوامی مینڈیٹ کی کھلی توہین میں پیپلزپارٹی کی سہولت کاری نے پاکستان کو مشرقی بازو کی علیحدگی کا گہرا زخم دیا۔آج بلاول کے اشاروں پر اپنی خاندانی اور موروثی سیاست کو ننگی بددیانتی اور اقتدار کی بندر بانٹ کے ذریعے زندہ رکھنے کی کوششیں کررہا ہے۔
‘ترجمان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ آئینی، حکومتی اور پارلیمانی عہدوں کی آپس میں تقسیم کے بعد باہم فاصلوں کی اداکاری ان کے کسی کام آئے گی نہ عوام ان کے جھانسے میں آئیں گے۔’عمران خان کے دیے گئے شعور کے بعد قوم جانتی ہے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ ایک ہی سکّے کے دو رُخ، عوام کو مہنگائی کی دلدل میں دھنسانے اور ملکی معیشت کو تباہ کرنے کے ذمہ دار ہیں۔‘
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں