اہم لیگی رہنما کیخلاف الیکشن کمیشن میں شکایت جمع کرادی گئی

اسلام آباد ( پی این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی نے این اے 127 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار عطا تارڑ کے خلاف الیکشن کمیشن میں شکایت جمع کرادی۔

تفصیلات کے مطابق اس حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی کے الیکشن سیل کے انچارج تاج حیدر نے چیف الیکشن کمشنر کو ایک خط لکھا، جس میں انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ن لیگ کے امیدوار اور غنڈوں نے پی پی 160 میں پیپلز پارٹی کے دفتر پر حملہ کیا، عطا تارڑ غنڈوں کے ہمراہ مصباح الرحمان کے الیکشن آفس میں گھس گئے۔تاج حیدر کا خط میں مزید کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن نے این اے 127 میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا کیا، پنجاب پولیس ان غیر قانونی سرگرمیوں میں سہولت کار ہے، ملزمان کو گرفتار اور سی سی پی او لاہور کو عہدے سے ہٹایا جائے، عطا تارڑ کے مجرمانہ طرز عمل کی فوری تحقیقات کی جائے۔

دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ ن کے حلقہ این اے 127 سے امیدوار عطا اللہ تارڑ نے پیپلز پارٹی پر پیسوں کے عوض ووٹوں کی خرید اری کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگوں سے مقدس کتابوں پر حلف لیے جارہے ہیں، ہم نے 3 لوگ پکڑ کر کوٹ لکھپت پولیس کے حوالے کیے ہیں، چار ٹیب ریکوور کیے ہیں، لاہور کا ووٹر پنجاب کے حق پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دے گا، معاملے کو الیکشن کمیشن کے پاس بھی اٹھایا ہے۔

close