شہید سرکاری ملازمین کے لواحقین کیلئے حکومت کا بڑا اعلان

لاہور (پی این آئی) پنجاب حکومت نے کسی بھی محکمہ کے شہید سرکاری ملازمین کیلئے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے سرکاری محکموں کے شہید ملازمین کے لواحقین کے لیے پولیس شہداء پیکیج کے برابر امدادی پیکیج دینے کی منظوری دے دی، زخمی سرکاری ملازم کو بھی پولیس پیکیج کے برابر امداد ملے گی۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کا 13 واں اجلاس ہوا، اجلاس میں نگران صوبائی وزراء ایس ایم تنویر، عامر میر، منصور قادر اور دیگر نے شرکت کی، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں دوران ڈیوٹی شہید ہونے والے ایکسائز انسپکٹر محمد رفیع کے لواحقین اور زخمی انسپکٹر ثناء اللہ بھٹی کے لیے مالی امداد کا کیس پیش کیا گیا تو وزیراعلیٰ نے مالی امداد کے کیس پر فوری نظر ثانی کا حکم دیا اور امدادی پیکیج کو پولیس شہداء پیکیج کے برابر کرنے کی ہدایت کی اورمحکمہ ایکسائز کے شہید انسپکٹرمحمد رفیع کے لواحقین اور زخمی ایکسائز انسپکٹر ثناء اللہ بھٹی کے لئے پولیس پیکیج کے برابر پیکیج کی منظوری دی دے۔معلوم ہوا ہے کہ اجلاس کے دوران محسن نقوی نے سرکاری محکموں کے شہید ہونے والے ملازمین کے لواحقین کے لئے پولیس شہداء پیکیج کے برابر امدادی پیکیج دینے کی اصولی منظوری بھی دے دی۔

اس سلسلے میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی، کمیٹی اس حوالے سے حتمی سفارشات تیار کرے گی اور کیسز کا جائزہ لے گی۔ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ اب کسی بھی سرکاری محکمے کے شہید ہونے والے افسر یا ملازم کے لواحقین کو پولیس شہداء کے برابر امدادی پیکیج دیا جائے گا، زخمی سرکاری ملازم کو بھی پولیس پیکیج کے برابر امداد ملے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close