ملتان (پی این آئی) 13 جماعتوں کی اتحادی حکومت کے 16ماہ میں 2 کروڑ افراد بے روزگار ہو گئے، ڈیڑھ سال سے بھی کم عرصے میں ملک میں بے روزگاری کی سطح ساڑھے 8 فیصد کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین و سابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی ناکام حکومت سے عوام کو نجا ت مل گئی ہے، اس حکومت نے لوگوں کو معاشی انتقام کا نشانہ بنایا،اس حکومت نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا تھا،مہنگائی ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے،16ماہ میں 2کروڑافراد بے روزگارہوئے،ملک میں بے روزگاری کی سطح ساڑھے8فیصد ہے،ملک میں معاشی بدحالی چھوڑ کر گئے ہیں، سرمایہ کاری رک چکی ہے، روپے کی قدر میں چالیس فیصد کمی ہوئی ہے،ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہواہے،بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے،نا اہل حکمران 16ماہ میں عوام کو 20ٹریلین روپے کا مقروض کر گئے۔عوام جھولیاں اٹھا کر پی ڈی ایم حکمرانوں کو کوس رہے ہیں۔
جمعرات کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاپی ڈی ایم ٹولہ جس مقصد کے لئے اقتدار میں آیا تھا ا س مقصد کے حصول میں کامیاب رہا۔ اپنے خلاف درج کرپشن کے مقدمات ختم کرواگئے۔ 16ماہ میں عوام کو مشکل میں ڈال گئے۔ ان 16ماہ کا خمیازہ قوم بھگت رہی ہے۔انہوں نے کہا اسمبلی تحلیل ہو چکی ہے۔ہم چاہتے ہیں آئین کے مطابق جلد از جلد الیکشن ہوں۔نگران سیٹ اپ کیسا آئے گا، جب سامنے آئے گا تو اس پر بات کریں گے۔ سائفر کے معاملے پر ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا سائفر معاملے پر اپنا نقطہ نظر ایف آئی اے کو پیش کر چکا ہوں، معاملہ زیر تفتیش ہے،اس پر بات مناسب نہیں۔ نگران وزیراعظم کے نام پر ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا نگران وزیراعظم کے نام پر قیاس آرائیاں چل رہی ہیں۔جب نام سامنے آئے گا تو اس پر بات کریں گے۔ انہوں نے کہا 14اگست پورے ملک میں بھر پور طریقے سے منایا جائے گا۔ تحریک انصاف پاکستان کی یوم آزادی کو جوش و خروش سے مناناچاہتی او ر اس میں بھر پور طریقے سے حصے لینا چاہتی ہے۔
اس مقصد کے لئے ڈپٹی کمشنر صاحبان کو درخواستیں دی جائیں گی کہ تحریک انصاف کو یوم آزادی کے اجتماعات کے لئے اجازت دی جائے۔ انہوں نے کہا میرے خلاف ملتان میں 5 مقدمات درج ہیں، سیاسی نوعیت کے مقدمے ہیں جن کاکوئی سر پاؤں نہیں،سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کا واضح منصوبہ دکھائی دے رہا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں