اگر اسحاق ڈار کا نام ڈراپ ہو گیا تو سمجھ لیں نواز شریف کا نام آئوٹ ہو گیا ہے، شیخ رشید کی پیشنگوئی

لاہور ( آئی این پی)سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی اگلی سیاست بھی کٹی ہوئی پتنگ کی طرح ہوگی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 72گھنٹوں کے آخری 5 اووروں میں نگران وزیراعظم کے نام کا فیصلہ آجائے گا، اگر اسحاق ڈار کا نام ڈراپ ہوگیا ہے تو سمجھ لیں نواز شریف کا نام ناک آئوٹ ہو گیا ہے کیونکہ اکائونٹینٹ میں اور اکانومسٹ میں بڑا فرق ہوتا ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پشاور کے ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی نے جے یو آئی کو 440 وولٹ کا کرنٹ لگایا ہے، مولانا فضل الرحمان اپنا سمدھی گورنر تو لگوا سکتے ہیں اپنی پارٹی کو الیکشن نہیں جتوا سکتے، اگلی سیاست بھی ان کی کٹی ہوئی پتنگ کی طرح ہوگی۔انہوں نے کہا کہ 8دنوں میں قومی اسمبلی کو بلوں کی فیکٹری بنا دیا گیا ہے، جمہوریت مجبوریت ہے اور چابی کا کھلونا ہے، سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو الیکشن کی واضح خدوخال بتا دی ہیں، آئی ایم ایف کی دوسری قسط بھی الیکشن سے مشروط ہے اور نگرانوں کو ملے گی۔سربراہ عوامی مسلم لیگ کا مزید کہنا تھا کہ بے شک نئی مردم شماری ہو الیکشن کمیشن کو اسی بانڈری کے اندر کھیلنا ہے، بردار یوسف شہبازشریف اور نواز شریف میں فاصلے بڑھ گئے ہیں، نعرے نواز شریف کے لگوا رہے ہیں اندر اندر سے کام اپنا ڈلوا رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close