اقتدار میں آکر پہلی ترجیح کیا ہوگی؟ سابق وزیراعظم نواز شریف نے بتا دیا

دبئی (پی این آئی)سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ آنے والا دور ہمارا ہے اور ن لیگ اب بھی پاکستانی معیشت کو بھنور سے نکالے گی، اقتدار میں آکر مہنگائی کو ختم کرنا پہلی ترجیح ہے۔دبئی میں نواز شریف سے مسلم لیگ متحدہ عرب امارات کے وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز بھی موجود تھیں۔ لیگی اماراتی وفد کی قیادت سینیئر رہنما غلام مصطفیٰ مغل نے کی۔نوازشریف نے مسلم لیگ امارات کی قیادت اورپاکستانی برادری کےکردارکو سراہا اور کہا کہ پاکستانی برادری کا قیمتی زرمبادلہ پاکستان کی معیشت کا اہم جزو ہے۔

وفد سے گفتگو میں نواز شریف کا کہنا تھاکہ آنے والا دور مسلم لیگ (ن) کا ہے، مسلم لیگ ن کی قیادت نے ہی ہمیشہ پاکستان کو مشکلات سے نکالا اور اب بھی پاکستانی معیشت کو بھنور سے نکالے گی۔انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آکر پاکستان سے مہنگائی ختم کردیں گے اور ن لیگ کی آنے والی حکومت مسائل پر جلد قابو پا لے گی۔مسلم لیگ (ن) امارات کے وفد نے نواز شریف سے انتخابات میں بھر پور حصہ لینے کا عزم کیا اور مریم نواز کی قائدانہ صلاحیتوں کا اعتراف کیا۔لیگی عہدیداروں کا کہنا تھاکہ نواز شریف کوپھر سے ملک کی قیادت سنبھالتے دیکھنا چاہتے ہیں۔دوسری جانب نواز شریف کی دبئی میں اہم سیاسی ملاقاتیں جاری ہیں اور وہ آئندہ ہفتے پیپلز پارٹی کی قیادت سے ایک اور ملاقات کریں گے۔ذرائع کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی کے رہنماؤں نے بھی نواز شریف سے رابطے کرکے پنجاب کی سیاست پر گفتگو کی۔ ذرائع کے مطابق نوازشریف اگلے چند دن میں لندن روانہ ہوں گے اور ان کا 4جولائی کو لندن واپسی کاپلان ہے۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ نوازشریف کی دوست ممالک کی قیادت سے بات چیت جاری ہے اور ملک میں سرمایہ کاری سے متعلق حوصلہ افزا پیش رفت جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف کی جلد وطن واپسی کیلئے صلح مشورے جاری ہیں، الیکشن کے حتمی اعلان کےساتھ ہی نوازشریف وطن واپس لوٹیں گے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستان واپسی کی حتمی تاریخوں پر قانونی مشاورت جاری ہے۔خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف ان دنوں دبئی میں موجود ہیں جہاں انہوں نے کئی سیاسی رہنمائوں سے ملاقاتیں کی ہیں، اس کے علاوہ انہوں نے دوست ممالک کی قیادت سے بھی رابطے کئے ہیں۔

close