چوہدری سرور نے 9 مئی کے بعد پی ٹی آئی کی مقبولیت کم ہونے کا دعویٰ کر دیا

لاہور (پی این آئی) رہنما ق لیگ اور سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا ہے کہ الیکشن میں 9 مئی واقعات کا خمیازہ پی ٹی آئی کو بھگتنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات سے پی ٹی آئی کو یقیناً دھچکا لگا ہے، پی ٹی آئی کی 9 مئی سے پہلے والی پوزیشن اب نہیں ہے۔ چوہدری سرور نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد پی ٹی آئی بہت کمزور ہوئی ہے، جن لوگوں نے بھی غلطیاں کرائی ہیں انتہائی شدید ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پی ٹی آئی بڑی جماعت تھی لیکن اب نہیں ہے، یہ بھی حقیقت ہے کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو ختم نہیں کیا جا سکتا، سیاسی جماعتیں ایک ادارے کی مانند ہونی چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یورپی ممالک میں سیاسی جماعتوں میں احتساب ہوتا ہے، وہاں سیاسی جماعتوں میں فرد واحد فیصلے نہیں کرتے۔ پروگرام میں ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آئندہ چند ماہ میں مسلم لیگ (ق) یوتھ کی سب سے بڑی جماعت ہوگی۔ چوہدری سرور نے اس سے قبل بھی لاہور میں پاک فوج کی حمایت میں نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے 9 مئی کے واقعات میں ملوث شرپسندوں کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا تھا۔ خیال رہے کہ چوہدری سرور پی ٹی آئی دورِ حکومت میں پنجاب کے گورنر رہے تاہم رواں سال مارچ میں انہوں نے مسلم لیگ (ق) میں شمولیت اختیار کرلی۔ ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی تاریخ کا سیاہ دن ہے، جو کام کالعدم ٹی ٹی پی اور بھارت نہیں کر سکا وہ چند ہزار شرپسندوں نے کر دیا، فوجی تنصیبات پر حملہ کیا گیا اور جناح ہاؤس میں سامان جلایا گیا، کرنل شیرخان کے مجسمے کو بھی توڑا گیا، شرپسندی میں جو بھی ملوث ہوں قرار واقعی سزا دی جائے، ہماری پارٹی انسانی حقوق کے تحفظ پر یقین رکھتی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں