الیکشن کب ہوں گے؟ آصف زرداری کا دبنگ اعلان

لاہور (پی این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ یہ 2 ماہ میں الیکشن نہیں کرا سکتے، الیکشن تبھی ہوں گے جب میں کراؤں گا، جن کو سیاست نہیں آتی ان کے پاس حل بھی نہیں ہوتا،معیشت کو سنبھال کر زرمبادلہ کے ذخائر 100ارب ڈالر تک لے جائیں گے۔

سابق صدر آصف زرداری سے بلاول ہاؤس لاہور میں پیپلزپارٹی کے ٹکٹ ہولڈرز ارکان نے ملاقات کی۔ملاقات میں سیاسی صورتحال اور آئندہ انتخابات سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ سابق آصف زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ جدوجہد کی ، کارکن صبر کریں، صبر کا وہ پھل ملے گا جس کا آپ کو اندازہ نہیں ہوگا سارے دکھ درد دور ہوجائیں گے۔ میں نے جیل میں معیشت پر بہت ساری کتابوں کا مطالعہ کیا ہے۔ایسے حل دیئے جس سے ہمارے دور میں زرمبادلہ کے ذخائر 24 ارب ڈالر کے ہوگئے تھے۔انشاء اللہ ملکی معیشت کو سنبھال کر زرمبادلہ کے ذخائر 100 ارب ڈالر تک لے جائیں گے۔ فوج کا بڑا خرچ نہیں ہے خوامخواہ اس پر پروپیگنڈا کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن کو سیاست نہیں آتی ان کے پاس حل بھی نہیں ہوتا، یہ دو ماہ میں الیکشن نہیں کرا سکتے، الیکشن تبھی ہوں گے جب میں کراؤں گا۔ یاد رہے گزشتہ روز مشیر زراعت منظور وسان نے دعویٰ کیا کہ ملک میں مارشل لاء کا کوئی امکان نہیں ہے۔

انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ عمران خان کے ساتھ اب 5 سے 10 فیصد بھی لوگ نہیں رہیں گے۔ جس طرح عمران خان کو رات کے اندھیرے میں بنایا گیا تھا اسی طرح انہیں واپس لے جایا جارہا ہے۔ پی ٹی آئی کے کچھ رہنما جیل جائیں گے اور کچھ چھپ کر بیٹھے رہیں گے۔ منظور وسان نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی میں ایسے لوگ بھی ہونگے جو سپورٹر عمران خان کے لیکن آدمی کسی اور کے ہوں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں