گرفتاری سے پہلے چوہدری پرویز الٰہی کہاں فرار ہو رہے تھے؟ ڈرائیور نے پولیس کے سامنے پول کھول دیا

لاہور(آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الٰہی کے لاہور سے فرار ہونے سے متعلق ان کے ڈرائیور کا بیان سامنے آگیا،ڈرائیور نے پولیس کو اپنے بیان میں بتایا کہ چوہدری پرویز الہی گلگت بلتستان فرار ہو رہے تھے۔نجی ٹی وی کے مطابق جمعرات کو پنجاب پولیس کے مطابق پرویز الہی گھر سے چار گاڑیوں کے قافلے کے ساتھ نکل رہے تھے، دو گاڑیوں میں بچے اور خواتین سوار تھیں جنہیں چیک بھی کیا گیا، جس گاڑی میں پرویز الہی سوار تھے وہ بلٹ پروف تھی۔

پولیس نے بتایا کہ چیکنگ کیلئے پولیس نے پرویز الٰہی کی گاڑی کو روکا تو ڈرائیور نے دروازہ نہ کھولا، دروازہ نہ کھولنے پر پولیس کو شک ہوا اور گاڑی کا شیشہ توڑنے کی کوشش کی گئی، پرویز الہی خود باہر نکلے اور اپنی گاڑی پر جانے کا اصرار کیا۔سابق وزیراعلی پنجاب کے ڈرائیور نے پولیس کو اپنے بیان میں بتایا کہ چوہدری پرویز الہی گلگت بلتستان فرار ہو رہے تھے۔واضح رہے کہ سابق وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی کو اینٹی کرپشن پنجاب نے ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن اور کک بیکس لینے کے الزام میں لاہور میں ان کی رہائش گاہ کے قریب سے گرفتار کیا ہے۔

close